لوئردیر: فائرنگ سے ایک اہلکار ہلاک

فائل فوٹو، ایف سی مہمند ایجنسی
،تصویر کا کیپشنلوئر دیر کے صدر مقام تیمرگرہ میں پولیس اور عام شہریوں پر کئی بار خودکش حملے ہوچکے ہیں

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں نامعلوم شدت پسندوں نے ایف سی کے زیر تربیت اہلکاروں پر فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا ہے۔

پولیس اہلکار نیک بہادر نے بی بی سی کو بتایا کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب شہر سے تین کلومیٹر دور شمال کی جانب بلامبٹ کے علاقے میں نامعلوم شدت پسندوں نے زیرتربیت ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

نیک بہادر نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکار بلامبٹ ٹیکنیکل کالج کے میدان میں لگے ہوئے ایک خیمے میں موجود تھے۔

پشاور سے ہمارے نامہ نگار دلاو رخان وزیر کا کہنا ہے کہ اہلکار کے مطابق واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور قریبی علاقے میں تلاشی کا کام شروع کیا لیکن ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ لوئر دیر کے صدر مقام تیمرگرہ میں پولیس اور عام شہریوں پر کئی بار خودکش حملے ہو چکے ہیں۔ جس کے نتیجے میں سینکڑوں لوگ ہلاک یا زخمی ہو گئے ہیں۔

سب سے بڑا واقعہ پانچ جون دو ہزار نو کو دیر بالا میں پیش آیا تھا جس میں ایک مسجد پرخودکش حملے کے نتیجے میں کم سے کم چالیس افراد ہلاک اور ایک سو پچھہتر کے قریب زخمی ہوئے تھے۔