سوائن فلو: چین میں حفاظتی انتظامات

ہانگ کانگ کے ایک شہری میں سوائن فلو کی علامات پائے جانے کے بعد چین نے میکسیکو سے تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔
سوائن فلو سے متاثرہ شخص جمعرات کے روز شنگھائی کے راستے ہانگ کانگ پہنچا تھا۔ اسے ہانگ کانگ کے ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جبکہ اس پرواز کے دیگر مسافروں کو بھی ایک ہفتے تک زیر مشاہدہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری طرف جنوبی کوریا میں بھی سوائن فلو وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد جنوبی کوریا شمال مشرقی ایشیاء کا دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں سوائن فلو وائرس کا تصدیق ہوئی ہے۔
دنیا بھرکے سولہ ملکوں میں اب تک سوائن فلو کے کیس سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے پانچ ملکوں میں وائرس کے انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
میکسیکو سے باہر، جہاں سوائن فلو وائرس پہلی مرتبہ سامنے آیا تھا، اس کے اثرات اتنے شدید نہیں ہیں۔ میکسیکو میں حکام میں سوائن فلو سے ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد سولہ بتائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سوائن فلو سے متاثرہ افراد کی تعداد اب ایک سو چھہتر کے بجائے ایک سو ایک بتائی جا رہی ہے۔
میکسیکو نے سوائن فلو کے پھیلاؤ میں کمی لانے کی کوشش میں پانچ دن کے لیے ملک کے بیشتر کاروباری شعبوں کو بند کر دیا ہے۔
حکومت کی نسبتاً غیر اہم عوامی سہولیات کو بھی معطل کیا جا رہا ہے جبکہ سنیما اور رستورانوں جیسے کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
میکسیکو میں حکام کا کہنا ہے کہ سوائن فلو وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آ رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اقوامِ متحدہ کی تنظیم برائے صحت نے سوائن فلو کے خطرے کی سطح بلند کر دی ہے۔ یہ سطح بڑھا کر اب پانچ کر دی گئی ہے جو عالمی سطح پر فلو کے وباء بننے سے صرف ایک درجہ کم ہے۔
پانچویں درجہ کا مطلب ہے کہ فلو کم سے کم دو ملکوں میں انسان سے انسان تک منتقل ہو رہا ہے۔
یہ اقدام امریکی ریاست ٹیکساس میں میکسیکو کے ایک تئیس ماہ کے بچے کے سوائن فلو سے ہلاکت کے بعد کیا گیا۔
واشنگٹن میں حکام نے اس مریض کی اور کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔
ہلاک ہونے والا یہ دو سالہ لڑکا اپنے خاندان کے ساتھ میکسیکو سے امریکہ میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے آیا ہوا تھا۔امریکی حکام نے بتایا ہے کہ وہ چار اپریل کو ٹیکساس پہنچا تھا اور چند ہی روز بعد وہ بیمار ہو گیا۔




















