میکسیکو: مسلح افراد جیل سے قیدی لے گئے

میکسیکو میں ایک مسلح گروہ نے شمالی علاقے میں قائم جیل توڑکر پچاس کے قریب قیدیوں کو رہا کروا لیا ہے۔ رہا کروائے جانے والے قیدیوں کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ منشیات سے وابستہ ایک طاقتور گروہ کے ارکان ہیں۔
قیدیوں کو چھڑوانے والا مسلح گروہ وفاقی پولیس افسران کا روپ دھارے ہوئے تھا۔ یہ افراد پندرہ گاڑیوں میں سوار ہوکر جیل پہنچے تھے۔
جیل کے اندر پہنچنے کے بعد انہوں نے انتظامیہ کو کہا کہ جیل کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس کے بعد وہاں تعینات محافظوں کو قابو میں کر لیا اور پھر قیدیوں کو چھڑوا کر گاڑیوں میں فرار ہوگئے۔
پولیس اس گروہ کے فرار ہوجانے والے اور انہیں چھڑوانے والے ارکان کو تلاش کر رہی ہے۔
فوج اور مقامی پولیس نے جیل کے قریب اور ارد گرد کے علاقوں میں ناکے لگائے ہوئے ہیں۔
میکسیکو کے صدر فیلپ کالڈرن نے منشیات کا غیرقانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف اعلان جنگ کیا ہوا ہے اور منشیات فروشوں سے لڑنے کے لیے چالیس ہزار فوجی تعینات کیے ہوئے ہیں۔ تاہم مسلح منشیات فروشوں اور قانون نافذ کرنے والے دوسرے اداروں کے مضبوط نا ہونے سے ابھی تک اس لڑائی میں کوئی خاطر خواہ کامیابی نظر نہیں آئی ہے۔



