افغانستان: نو غیرملکی ہلاک

افغانستان میں گزشتہ دو روز کے دوران نو غیر ملکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جن میں تین امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔
بین الاقوامی امن فوج کے مطابق اتوار کو مشرقی افعانستان میں تین امریکی فوجی شدت پسندوں کے حملے کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ سنیچر کو چھ غیر ملکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ افغانستان میں تعینات غیر ملکی فوجوں کے لیے سنہ دو ہزار ایک میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد، بدترین اختتام ہفتہ ثابت ہوا ہے۔
مختف حلقے افغانستان میں غیر ملکی فوج کے موثر ہونے اور ان کے اپنا مقصد حاصل کرنے کے معاملے پر سوالات اٹھانے لگے ہیں۔
اتوار کو برطانوی ارکان پارلیمان نے کہا ہے کہ افغانستان میں تعینات برطانوی فوجیوں کا لائحہ عمل غیر حقیقی ہے۔
اتوار کو امریکی فوجی پہلے تو گشت کرتے ہوئے سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے کی زد میں آ گئے اور پھر عسکریت پسندوں نے انہیں فائرنگ کی زد پر لے لیا۔
گزشتہ دو دنوں کے دوران ہونے والی نو ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی ہے جن میں تین امریکی فوجیوں کے علاوہ ایک فرانسیسی فوجی بھی شامل ہے جو کابل میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک ہوا جب کہ ہلاک ہونے والے دیگر دو فوجیوں کی شہریت ابھی نہیں بتائی گئی ہے۔
افغانستان میں فرانس کے تین ہزار فوجی تعینات ہیں۔ سنہ دو ہزار ایک کے بعد سے اب تک جولائی کا مہینہ غیر ملکی فوجیوں کے لیے بدترین مہینہ ثابت ہوا ہے۔ اس ماہ کے دوران کل چوہتر غیر ملکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جن میں 43 امریکی فوجی شامل ہیں۔
امریکی فوج کی سربراہی میں اس وقت افغانستان میں ایک لاکھ سے زائد غیر ملکی فوجی تعینات ہیں۔ اگست میں طے شدہ صدارتی انتخابات سے قبل پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
برطانوی ارکان پارلیمان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ملٹری مشن اپنی توقعات پوری کرنے میں ناکام رہا ہے کیونکہ ان پر دیگر بہت سی ذمہ داریاں عائد کردی گئی ہیں۔





















