رمادی میں کار بم دھماکہ، 7 ہلاک

پولیس کے مطابق عراق کے شہر رمادی میں سوموار کو ایک کار بم دھماکے میں سات افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خودکش کار بم حملہ شہر کے شمالی علاقے میں واقعہ ایک پولیس چیک پوسٹ پر کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی شامل ہیں۔
مقامی پولیس نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ عراق کے صوبے انبار کے رمادی شہر کے قریب ہونے والا یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں چھ مختلف کار بم دھماکوں اور مارٹر حملوں میں کم از کم پچانوے افراد ہلاک اور پانچ سو ساٹھ زخمی ہو گئے تھے۔
گزشتہ دو سالوں میں عراق میں ہونے والے تشدد کے واقعات میں کمی پیش آئی ہے، لیکن جون میں امریکی فوجوں کے عراقی شہروں سے انخلاء کے بعد اس طرح کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔ اور بغداد کی سکیورٹی کی ذمہ داری عراقی افواج کے ہاتھوں میں آنے کے بعد شہر میں کئی حملے ہوئے ہیں۔

















