عراق میں تین امریکی فوجی ہلاک

ایک امریکی فوجی صوبہ انبار کے اوپر پرواز کرتا ہوا: فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنچند ہفتے پہلے بھی ایک حملے میں پانچ امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے

امریکہ کے فوجی حکام نے کہا ہے کہ عراق کے مغربی صوبے انبار میں ایک کارروائی کے دوران تین امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق جمعرات کو مزاحمت کارروں کے خلاف ایک فوجی کارروائی کے دوران دو میرینز اور ایک نیوی کا اہلکار ہلاک ہو گیا۔

ان ہلاکتوں کے متعلق ابھی مزید تفصیل نہیں دی گئی۔

صوبہ انبار سنی شدت پسندوں کا ماضی میں گڑھ رہا ہے جن کے تعلقات القاعدہ سے بتائے جاتے ہیں۔

تین ہفتے قبل شمالی شہر موصل میں بھی ایک خودکش حملے میں پانچ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

اس سال جون تک امریکی فوجی عراقی شہروں کو خالی کر دیں گے۔ برطانوی فوج نے بھی جمعرات کو بصرہ میں ہونے والی ایک تقریب میں شہر کا کنٹرول امریکی فوج کے حوالے کر دیا تھا۔ برطانوی فوجی گزشتہ چھ سال سے عراق میں موجود تھی۔

جمعرات کو برطانیہ کے وزیر اعظم گورڈن براؤن نے عراق میں برطانوی فوج کی عسکری سرگرمیاں ختم ہونے کا اعلان کیا تھا۔