کابل: بھارتی سفارتخانے کے قریب دھماکہ

کابل میں دھماکہ
،تصویر کا کیپشندھماکے سے بھارتی سفارتخانے کے حفاظتی ٹاور کو نقصان پہنچا

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزاتِ داخلہ اور بھارتی سفارتخانے کی عمارتوں کے قریب ہونے والے دھماکے میں کم از کم سترہ افراد ہلاک اور اسّی کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔

<link type="page"><caption> کابل میں دھماکہ تصاویر میں </caption><url href="091008_pics_kabul_blast" platform="highweb"/></link>

عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکہ جمعرات کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ہوا۔

دھماکے کی وجہ کی تا حال تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم پولیس حکام نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا لیکن انہوں نے مزید تفصیلات دینے سے انکار کر دیا ہے۔

ٹی وی پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں دھماکے کی جگہ پر جلی ہوئی گاڑیاں، امدادی گاڑیاں اور ایمبولینس موجود ہیں۔ جائے وقوعہ پر موجود ایک صحافی کے مطابق اس نے دھماکے کی جگہ پر دو تباہ شدہ گاڑیاں دیکھی ہیں۔ دھماکے کی جگہ پر موجود ایک پولیس اہلکار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ دھماکہ ایک کار کے اندر ہوا جبکہ قریبی تعمیراتی عمارت میں کام کرنے والے مزدور کا کہنا ہے کہ ’میں کام میں مصروف تھا جب دھماکہ ہوا کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور میں اپنے خیمے میں بھاگ گیا۔

بھارتی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دھماکے سے سفارتخانے کی حفاظتی دیوار کو نقصان پہنچا ہے تاہم سفارتی عملہ محفوظ رہا۔ افغانستان میں بھارت کے ہائی کمشنرجینت پرساد کے مطابق دھماکے سے سفارتخانے کی بیرونی دیوار کے ساتھ نگرانوں کے لیے بنایا گیا مینار اور کچھ دیگر حصہ متاثر ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر ایک خودکش حملہ تھا۔جینت پرساد کا کہنا تھا کہ اس دھماکے میں کوئی بھارتی ہلاک یا شدید زخمی نہیں ہوا تاہم کچھ لوگ معمولی زخمی ضرور ہوئے ہیں۔

ادھر بھارت کی خارجہ سکریٹری نروپما راؤ نے دلی میں صحافیوں کو بتایا ’ہماری معلومات کے مطابق دھماکہ خیز مادے سے لدی ہوئی ایک کار سفارتخانے کی دیوار تک پہنچی اور اس میں دھماکہ کیا گیا۔ سبھی ہندوستانی اہلکار اور ملازمین محفوظ ہیں۔ بھارت ۔ تبت سرحد کے تین ملازمین کو چوٹ آئی ہے۔ اس دھماکے کی شدت اتنی ہی تھی جتنی جولائی دو ہزار آٹھ کے دھماکے کی تھی ۔ لیکن اس دھماکے کے بعد بھارت نے سلامتی کے کئی اقدامات کیے تھے اسی لیے اس مرتبہ بڑا حادثہ ٹل گیا۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہندوستانی سقارتخانے کو نشانے بناکر ہی یہ دھماکہ کیا گیا تھا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سفارتخانے کی ایک دیوار کو نقصان پہنچا ہے اور عمارت میں کئی کھڑکیاں دروازے ٹوٹ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ کابل میں قائم بھارتی سفارتخانہ ماضی میں بھی خودکش حملے کا نشانہ بن چکا ہے اور گزشتہ برس جولائی میں ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار سفارتخانے کے دروازے سے ٹکرا دی تھی۔ اس دھماکے میں اکتالیس افراد ہلاک اور ایک سو اکتالیس زخمی ہوئے تھے۔