افغانستان: چھ افراد کےگلے کاٹ دیے گئے

افغان پولیس کا کہنا ہے کہ طالبان شدت پسندوں نے حکومت کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام چھ افراد کو گلے کاٹ کر ہلاک کر دیا ہے۔
ارزگان صوبے کی پولیس کے سربراہ جمعہ گل ہیما نے بتایا کہ جن کا گلا کاٹا گیا وہ سب کے سب مرد ہیں اور ان کی لاشیں صوبے کے دارالحکومت ترین کوٹ کے ایک گھر سے برآمد ہوئیں۔
انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ جن کی لاشیں ملی ہیں انہوں نے پہلے حکام سے تعاون کیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طالبان نے درحقیقت سات افراد کے گلے کاٹے تھے لیکن ساتویں کا سر دھڑ سے الگ نہ کر سکے اور جب حکام اس مکان میں پہنچے تو اسے زندہ پایا۔ اس کے گلے پر ایک گہرا گھاؤ تھا۔
نامہ نگاروں کے مطابق طالبان پہلے بھی جاسوسی کے شبہہ میں لوگوں کے گلے کاٹتے رہے ہیں لیکن ایسا شاید پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایک ہی وقت میں اتنے زیادہ لوگوں کے ساتھ ایسا کیا گیا ہو۔
حال ہی میں طالبان نے افغانستان میں اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔















