پاکستان کی شمولیت ناگزیر ہے، ہالبروک

امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک نے افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے جاری کوششوں میں پاکستان کے قریبی تعاون کی ضرورت پر ایک بار پھر زور دیا ہے۔
رچرڈ ہالبروک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور ایران کے ساتھ ساتھ پاکستان کا افغانستان میں اثر بھی ہے اور جائز سیکورٹی مفادات بھی۔
انھوں نے کہا کہ افغان حکومت کو یقین ہے کہ پاکستان کو شامل کیے بغیر ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
افغانستان کے جنوبی حصے میں نیٹو اور امریکی افواج کی فوجی کارروائی ’مشترک‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہالبروک نے کہا کہ یہ کارروائی کامیابی سے جاری ہے تاہم انھوں نے کہا کہ یہ ابھی اپنے ابتدائی مراحل میں ہے۔
رچرڈ ہالبروک جمعرات کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

















