فرینڈلی فائر میں پانچ افغان فوجی ہلاک

شمالی افعانستان میں نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ جرمنی کے فوجیوں نے گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کر کے پانچ افغان فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنجمعہ کو ہی صوبہ قندوز میں طالبان کی ساتھ ایک جھڑپ میں تین جرمنی فوجی ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہو گئے تھے

سنیچر کو نیٹو کی جانب سے جاری ہونے ایک بیان کے مطابق جمعہ کی شام کو صوبہ کندوز میں جرمن فوجیوں نے ایک چیک پوسٹ پر دو عام گاڑیوں میں سوار افغان فوجیوں کو روکنے کا اشارہ کیا لیکن افغان فوجی اشارے کی پرواہ کیے بغیر جرمن فوج کی جانب بڑھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چیک پوسٹ پر گاڑیوں کو روکنے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے گئے تاہم گاڑیوں کو پھر بھی نہیں روکا گیا تھا۔ جس کے بعد فوجیوں کو مجبوری میں گاڑیوں پر فائرنگ کرنا پڑی اور اس میں پانچ افغان فوجی ہلاک ہو گئے۔‘

نیٹو کے بیان کے مطابق جمعہ کو ہی صوبہ قندوز میں طالبان کی ساتھ ایک جھڑپ میں تین جرمن فوجی ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہو گئے تھے۔ افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج میں جرمنی تیسرا بڑا ملک ہے۔

جرمنی کی عوام افغانستان میں جرمن فوج کی تعیناتی کے حق میں نہیں ہے۔ رواں سال فروری میں جرمنی کی پارلیمان نے آٹھ سو پچاس مزید فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دی تھی جس کے بعد افغانستان میں جرمن فوج کی تعداد پانچ ہزار تین سو پچاس ہو گئی ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں اسی صوبے میں درجنوں افغان شہری اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب یہاں تعینات جرمن کمانڈرز نے دو آئل ٹینکروں کے اغواء کے بعد ان پر فضائی حملے کا حکم دیا تھا۔ ان حملوں کے بعد جرمنی میں سیاسی ہنگامہ شروع ہو گیا تھا جو اب تک جاری ہے۔