نئے شاہی جوڑے کا تعارف

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی منگیتر کیتھرین میڈلٹن کی شادی جمعہ کو منعقد ہو رہی ہے۔ اس شادی کو تیس برس قبل شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کی شادی کے بعد برطانوی شاہی خاندان کی سب سے بڑی تقریب قرار دیا جا رہا ہے۔

یہاں پر اس شادی کے مرکزی کرداروں یعنی شہزادہ ولیم اور ان کی منگیتر کیتھرین میڈلٹن کا مختصر تعارف دیا جا رہا ہے۔

شہزادہ ولیم

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

سنہ انیس سو بیاسی میں جنم لینے والے شہزادہ ولیم برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں۔ برطانوی تخت کے وارثوں میں وہ اپنے والد کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

انہوں نے اپنے بچپن میں پہلے اپنے والدین کی شادی کی ناکامی اور پھر ٹریفک حادثے میں اپنی والدہ کے انتقال کو سہا ہے۔

مشہور نجی تعلیمی ادارے ایٹن سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد شہزادہ ولیم نے سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور یہیں وہ اپنی ہونے والی اہلیہ کیتھرین میڈلٹن سے ملے تھے۔

شہزادہ ولیم نے سینڈہرسٹ میں واقع برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں اور انہوں نے سنہ 2010 میں برطانوی شاہی فضائیہ میں امدادی پائلٹ کے طور پر شمولیت اختیار کی تھی۔

کیتھرین میڈلٹن

،تصویر کا ذریعہGetty

برطانوی شاہی خاندان کی نئی بہو کیٹ میڈلٹن برکشائر کاؤنٹی کے علاقے بکلبری کے ایک متوسط خاندان میں سنہ انیس سو بیاسی میں پیدا ہوئیں۔

کیتھرین میڈلٹن کے والدین مائیکل میڈلٹن اور کیرول گولڈ سمتھ ایک کامیاب کاروباری جوڑا ہے اور وہ ’پارٹی پیسز‘ کے نام سے ایک کمپنی چلاتے ہیں۔

ان کی ایک بہن اور ایک بھائی ہے اور وہ بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔

کیٹ نے ولشائر کے مالبرو کالج سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد تاریخ کی تعلیم کے لیے سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا۔ یہیں ان کی دوستی شہزادہ ولیم سے ہوئی اور وہ یونیورسٹی میں ساتھ رہائش پذیر رہے۔

تعلیم کی تکمیل کے بعد کیٹ میڈلٹن نے ابتدائی طور پر ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی جگسا میں کام کیا تاہم بعدازاں وہ اپنے خاندانی کاروبار میں شامل ہوگئیں۔