روس: فضائی حادثے میں چوالیس ہلاکتیں

فائل فوٹو، ہوائی حادثہ
،تصویر کا کیپشنحادثے کی وجوہات کا ابھی معلوم نہیں ہو سکا ہے

روس میں حکام کے مطابق مسافر بردار ہوائی جہاز کے حادثے میں چوالیس افراد ہلاک اور آّٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔

ہوائی جہاز کو حادثہ شمال مغربی روس میں جمہوریہ کیریلئا کے ہوائی اڈے کے نزدیک پیش آیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ہوائی جہاز نے ہوائی اڈے سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر گزرنے والی موٹر وے پر اترنے کی کوشش کی اور اسی دوران گر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

رس ائر نامی نجی ہوائی کمپنی کے اس جہاز میں تینتالیس مسافر اور عملے کے نو ارکان سوار تھے۔

اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں زخمی ہونے والے بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ہوائی جہاز روسی دارالحکومت ماسکو سے روانہ ہوا تھا اور اس کی منزل پیٹروزاوڈکس تھی۔

خبر رساں ادارے انٹر فیکس کے مطابق اس حادثے میں موٹر وے کے قریب واقع مکانات بال بال بچے ہیں جبکہ جائے حادثہ پر لاشیں بکھری پڑی ہیں۔

حادثے کی وجوہات کے بارے میں ابھی معلوم نہیں ہو سکا ہے تاہم انٹرفیکس نیوز ایجنسی نے ائر پورٹ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ موسم پرواز کے لیے سازگار نہیں تھا۔