’یورپ میں ٹڈی دل کی طرح داخل ہوں گے‘

حامیوں کو ریکارڈنگ میں ہدایت دی گئی کہ وہ لبیا کے مغربی پہاڑوں پر احتجاجی مارچ جاری کریں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنحامیوں کو ریکارڈنگ میں ہدایت دی گئی کہ وہ لبیا کے مغربی پہاڑوں پر احتجاجی مارچ جاری کریں

لیبیا کے رہنما کرنل قذافی نے دھمکی دی ہے کہ اگر نیٹو نے ان کے ملک پر فضائی حملے بند نہ کیے تو ان کی فوجیں یورپی ممالک پر حملہ کریں گی۔

ان کا یہ ریکارڈ شدہ آڈیو پیغام دارالحکومت طرابلس میں ان کے ہزاروں حامیوں کی موجودگی میں سنایا گیا۔

کرنل قذافی کا کہنا تھا کہ لیبیائی فوجی یورپ میں ’ٹڈی دل‘ کی طرح داخل ہوں گے اور وہاں گھروں اور دفاتر کو نشانہ بنائیں گے۔

واضع رہے کہ گزشتہ بدھ کو فرانسیسی فوجی حکام نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ فرانس نے لیبیا کے حکومت مخالف باغیوں کو اس ماہ ملک کے مغربی پہاڑوں میں ہیلی کاپڑوں کے ذریعے اسلحہ فراہم کیا تھا۔

طرابلس کے گرین سکوئر پر موجود کرنل قدافی کے حامیوں کو ریکارڈنگ میں ہدایت دی گئی کہ وہ لیبیا کے مغربی پہاڑوں پر احتجاجی مارچ جاری کریں۔

انھوں نے کہا ’یہ لیبیا کے لوگ اس جنگ کو یورپ تک لے کر جانے کے قابل ہیں۔ جنگ میں تم لوگوں کے گھر، دفتر، خاندان سب نشانہ بنائے جائیں گے جس طرح تم لوگوں نے ہمارے گھروں کو نشانہ بنایا ہے۔‘

’ہمارا مشورہ مان لو اور پیچھے ہٹ جاؤ۔ اس سے پہلے تم لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑے۔‘

کرنل قدافی کا یہ پیغام عالمی جرائم کی عدالت کی جانب سے ان کے خلاف وارنٹ جاری کیے جانے کے کچھ دن بعد آیا ہے۔ عدالت نے ان کے بیٹے سیف الاسلام اور لیبیا کے حفیہ ادارے کے صدر عبدللہ السنوسی کے خلاف بھی وارنٹ جاری کیے ہیں۔

تینوں شخصیات پر نسل انسانی کے خلاف جرائم کا الزام ہے۔

ان کے اس پیغام کے بعد طرابلس میں کئی زور دار دھماکے سنے گئے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ نیٹو کے جنگی طیاروں سے پھینکے گئے بموں کے تھے۔