’ملک چھوڑ کر نہیں جاؤں گا‘

حامیوں کو ریکارڈنگ میں ہدایت دی گئی کہ وہ لبیا کے مغربی پہاڑوں پر احتجاجی مارچ جاری کریں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنحامیوں کو ریکارڈنگ میں ہدایت دی گئی کہ وہ لبیا کے مغربی پہاڑوں پر احتجاجی مارچ جاری کریں

لیبیا کے رہنما کرنل قذافی نے کہا ہے کہ وہ اپنے آباؤ اجداد کی سرزمین لیبیا کو کبھی چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔

لیبیا کے رہنما معمر قذافی زاویہ شہر میں لاؤڈ سپیکر پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ دنیاکی کوئی طاقت انہیں اپنے ملک کو چھوڑنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔

لیبیا میں لڑائی کے ابتدائی دنوں میں زاویہ شہر باغیوں کے زیر اثر تھا لیکن بعد میں کرنل قذافی کی افواج نے باغیوں کو زوایہ سے نکال دیا۔

لیبیا کے رہنما کی طرف سے لیبیا نہ چھوڑنے کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب لیبیا کے خلاف کارروائی میں پہل کرنے والے یورپی ملک فرانس کے وزیر خارجہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ کرنل قذافی ملک چھوڑنے پر رضامند ہیں۔

گزشتہ روز ترکی کے شہر انقرہ میں لیبیا رابطہ گروپ نے لیبیا کے باغیوں کی کونسل کو لیبیا کا قانونی حکمران تسلیم کر لیا۔

ادھر امریکہ نے بھی لیبیا کی حزبِ اختلاف کو ملک کا قانونی حکمران تسلیم کر لیا ہے جس کے بعد امریکہ میں لیبیائی حکومت کے منجمد کیے جانے والے اربوں ڈالر کے اثاثے باغیوں کو فراہمی ممکن ہوگئی ہے۔

اس سے قبل جرائم کی عالمی عدالت نے کرنل قذافی، ان کے بیٹے سیف الاسلام اور لیبیا کے خفیہ ادارے کے صدر عبدللہ السنوسی کے خلاف بھی وارنٹ جاری کیے ہیں۔ تینوں شخصیات پر نسل انسانی کے خلاف جرائم کا الزام ہے۔