لندن: فسادات کے باعث میچ ملتوی

،تصویر کا ذریعہReuters
لندن میں امن و امان کی صورتحال اور لوٹ مار کے واقعات کی وجہ سے کھیلوں کے کئی مقابلے ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ پولیس کی جانب سے ہدایات کے بعد کیا گیا ہے۔
لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں انگلینڈ اور ہالینڈ کے درمیان بدھ کو ہونے والا فٹبال کا ایک دوستانہ میچ روک دیا گیا ہے۔ فٹبال ایسوسی ایشن نے اپنی ویب سائٹ پر اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔
چارلٹن، ویسٹ ہیم، کرسٹل پیلیس اور برسٹل سٹی میں ہونے والے فٹبال کے کارلنگ کپ میچ ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
لیکن ایجبسٹن کے حکام کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان برمنھگم میں کل یعنی بدھ سے شروع ہونے والے تیسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ معمول کے مطابق شروع ہوگا۔ برمنھگم میں بی بی سی کے سپورٹس رپورٹر جو ولسن کا کہنا ہے کہ ایجبسٹن کرکٹ گراونڈ کے پاس واقع ہوٹلوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے دروازے مقفل رکھیں۔
ادھر بی بی سی سپورٹس کے مطابق اس ہفتے ہونے والے فٹبال کے ان مقابلوں کے بارے میں جن میں لندن کے کلب بھی شامل ہیں پریمیئر لیگ کے حکام کی پولیس سے بات چیت ہوئی ہے لیکن ابھی ان میچوں کے بارے میں کوئی فیصلہ قبل از وقت ہو گا۔
سنیچر کو ہونے والے ٹوٹیہنم اور ایورٹن کے پریمئر لیگ میچ کے انعقاد کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اس دوران بی بی سی سپورٹس کے نیوز رپورٹر لیون مین نے ٹوئٹر پر پیغام بھیجا ہے کہ منتظمین نے انہیں بتایا ہے کہ منگل کو واٹفرڈ فٹبال کلب میں گھانا اور نائجیریا کے درمیان ہونے والا فٹبال میچ معمول کے مطابق ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















