سنجے کی قربانی، رانی کی واپسی

    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

سنجے آخر قربانی کے لیے تیار ہو گئے۔ مرحوم فیروز خان کی آخری خواہش کو پورا کرنے کے لیے سنجے دت نے ان کی یادگار فلم ’قربانی‘ کا ری میک بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آپ کو فلم تو یاد ہو گی ہی نا؟ دراصل خان کی وہ فلم کئی معنوں میں یاد رکھنے کے قابل تھی۔ فلم میں فیروز خان اور ونود کھنہ کے ساتھ پولیس انسپکٹر کے رول میں امجد خان بھی تھے اور ساتھ ہی اس وقت کی انتہائی بولڈ اور پرکشش ہیروئین زینت امان بھی۔ خیر یہاں ہم بات کر رہے ہیں اس فلم کے ری میک کی تو اس فلم میں فیروز خان کا رول ان کے بیٹے فردین کریں گے لیکن سنجے ونود کا رول کرنے کے بجائے پولیس انسپکٹر امجد خان کے رول میں نظر آئیں گے۔ اور ہاں زینت کی جگہ بپاشا لیں گی۔ ویسے یہ چوائز بالکل صحیح ہے۔

سنجو بابا نے اپنے وقت کی بلاک بسٹر فلم بنانے کا فیصلہ جذباتی ہو کر کیا تو ہے لیکن کیا وہ خان کی اتنی کامیاب فلم کا ری میک بنانے میں کامیاب بھی ہوں گے یہ پتہ نہیں۔

سلمان بدعنوان پولیس افسر بنیں گے:

حقیقی زندگی میں چاہے سلمان خان کی امیج جو بھی بنا دی گئی ہو ( اکثر میڈیا کے ذریعے ) لیکن فلم کے پردے پر وہ اپنی ہیرو والی امیج کے ساتھ ہی ہمیشہ جلوہ گر ہوتے رہے۔ مگر اب یہ امیج بھی بدلنے والی ہے یعنی اب سلو بھیا پردے پر منفی رول کرنے جا رہے ہیں۔ اپنے ہی بھائی ارباز خان کے پروڈکشن میں بننے والی پہلی فلم ’دبنگ‘ میں وہ اترپردیش کے ایک شہر کے بدعنوان پولیس افسر کا رول کریں گے۔ ہمیں نہیں پتہ کہ سلو کے کروڑوں پرستار انہیں اس امیج کے ساتھ قبول کر پائیں گے یا نہیں لیکن ہم یقینا سلو کو اس طرح کے کردار میں دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔ ویسے ایک اداکار کے لیے منفرد کردار نبھانا بہت لازمی ہوتا ہے تاکہ ان کی اداکاری کے جوہر سامنے آسکیں۔

پریتی زنٹا اور نیس واڈیا
،تصویر کا کیپشنپریتی زنٹا اور نیس واڈیا

راز کھلا۔۔۔

ہمیں یہ تو پتہ نہیں کہ اس میں کتنی سچائی ہے لیکن فلمی گلیاروں میں یہ خبریں گشت کر رہی ہیں کہ خوبصورت پریتی زنٹا اور نیس واڈیا کی برسوں پرانی دوستی صرف اس لیے ٹوٹ گئی کہ نیس نہیں چاہتے تھے کہ پریتی شادی کے بعد فلموں میں کام کرے۔ پریتی نے نیس کی اس شرط کو ماننے سے انکار کر دیا اور نتیجہ دو ہنسوں کا جوڑا آخر بچھڑ گیا۔ ہمیں یقین نہیں آرہا ہے کہ آج کےاس ماڈرن دور میں بھی اس طرح کے خیالات نیس جیسے ماڈرن لوگوں کے ہو سکتے ہیں بھلا؟

کٹی پتنگ

فلم ’کائٹس‘ میں رتیک روشن کے ساتھ آنے والی باربرا موری
،تصویر کا کیپشنفلم ’کائٹس‘ میں رتیک روشن کے ساتھ آنے والی باربرا موری

راکیش روشن کی فلم ’کائٹس‘ ہے کہ تنازعہ سے نکلنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے۔ ایک بار پھر فلم کے ہدایت کار انوراگ باسو اور راکیش روشن میں اختلاف ہو گیا۔ راکیش چاہتے ہیں کہ فلم میں باربرا موری اور رتیک کے درمیان پیار بھرے لمحات کے مناظر حذف کر دیے جائیں کیونکہ اسی کی وجہ سے رتیک کی ذاتی زندگی میں ہلچل مچ گئی ہے لیکن باسو کا ماننا ہے کہ یہ مناظر فلم کی جان ہیں۔ ارے بھئی رتیک اور ان کی بیوی کے درمیان کی ناچاقی کی خبریں عام ہوئی تھیں اس لیے لوگ تو اس فلم میں ان مناظر دیکھنے کے لیے جانا چاہیں گے اب اگر فلم میں وہ سین ہی نہ ہو تو؟ خیر ویسے باسو نے اس فلم کی تین ایڈٹ کاپیاں بنائی ہیں۔ وجہ چاہے جو ہو لیکن ہم ایک بات سمجھتے ہیں کہ ان سب سے بغیر رقم خرچ کیے فلم کی پبلسٹی بہت ہو رہی ہے۔

رانی کی واپسی

رانی مکھرجی
،تصویر کا کیپشنرانی مکھرجی

رانی مکھرجی آخر واپس آہی گئیں۔ دوبارہ فلم انڈسٹری میں اپنا وہی پرانا مقام بنانے کے لیے رانی نے دو اہم فیصلے کیے۔ پہلا تو یہ کہ وہ اپنے جوہو والے بنگلے کو چھوڑ کر واپس اسی فلیٹ میں جا رہی ہیں جہاں وہ پہلے رہا کرتی تھیں ان کا ماننا ہے کہ جب سے انہوں نے وہ فلیٹ چھوڑا ان کی فلمیں فلاپ ہونے لگیں۔ دوسرا فیصلہ انتہائی اہم ہے وہ یہ کہ اب رانی نے یش راج بینر یا یوں کہہ لیجیے کہ آدتیہ چوپڑہ کی فلمیں ہی کرنے کے بجائے دوسرے بینرز کی فلمیں بھی قبول کرنی شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے آسوتوش گواریکر کی ایک فلم سائن کر لی ہے۔ بہت خوب رانی ہماری بھی نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔

جب فرحان دیپکا ناچے

فلم کے پردے پر تو سبھی اداکار ناچتے ہیں لیکن اگر پبلک آپ کو سرعام نچائے تو کیا ہو؟ہاں بھیا ۔۔۔۔ایسا ہی ہوا ہے۔ فرحان اختر اور دیپکا پادوکون کوچی میں فلم ’کارتک کالنگ کارتک‘ کی شوٹنگ کے لیے پہنچے تو دیکھا پہلے سے لوگوں کی بھیڑ جمع ہے انہیں یقین نہیں آیا کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ یہاں ساؤتھ کی فلموں کے اداکار مشہور ہیں لیکن ایسا نہیں تھا۔ لوگوں نے فرحان اور دیپکا کو اس وقت تک شوٹنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جب تک دونوں ان کے ساتھ مل کر دس منٹ تک ہندی گیت ’راک آن‘ کی دھن پر ساتھ میں نہیں تھرکے۔ جے ہو بالی وڈ کی ۔۔۔

جان ابراہام اور قرآن

کیا آپ جانتے ہیں کہ جان ابراہام قرآنی آیات کو آسانی کے ساتھ پڑھ سکتے ہیں؟

آپ تو جانتے ہیں کہ جان آدھے کرسچیئن اور آدھے پارسی ہیں۔ دراصل جان نے کبیر خان کی ہدایت میں بننے والی فلم ’نیویارک‘ میں ایک مسلمان کا کردار نبھایا ہے اور اس کے لیے انہیں فلم میں عربی اور قرآنی آیات سے وقافیت لازمی تھی۔ جان نے عربی کے الفاظ کی ادائیگی کے لیے بہت محنت کی اور اس میں ان کی مدد کبیر خان نے کی۔

ویسے کرن جوہر کی فلم ’قربان‘ کے لیے سیف علی خان اور شاہ رخ نے فلم ’مائی نیم از خان‘ کے لیے اسلام اور جہاد کا اصل مطلب سمجھنے کے لیے بہت سی کتابیں پڑھیں۔

نیلما کی مشکل

نیلما عظیم ۔۔۔ اس نام سے آپ واقف ہیں؟ بہت سے لوگ شاید نہ کہہ دیں۔چلیے ہم کچھ سراغ دیتے ہیں۔۔۔شاہد کپور۔۔۔آپ ٹھیک سمجھے، نیلما شاہد کی ماں ہیں اور یہ ماں اپنے سٹار بیٹے سے ایک عرصہ سے چاہتی ہیں کہ وہ ان کی فلم میں کام کرے لیکن شاہد ہے کہ انہیں ٹالتے جا رہے ہیں۔ وہ اب ماں کے فون کالز بھی نہیں لے رہے ہیں۔تھک کر نیلما نے عمران ہاشمی کے در پر دستک دی۔ یہ اور بات ہے کہ ہاشمی نے بھی فلم میں کام دینے سے انکار کر دیا۔۔۔ نیلما جی جذباتی ہونے سے فائدہ نہیں ہے یہ پروفیشنل دنیا ہے شاید آپ کی فلم کا سکرپٹ ہی اتنا اچھا نہ ہو۔۔۔

سنجے کا سکول

کیا آپ جانتے ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی کا فلم سیٹ سٹارز کے جوان بچوں کے لیے تربیتی سکول بن جاتا ہے؟ بھنسالی کی تقریباً ہر فلم کی تکمیل کے دوران کسی نہ کسی سٹار کا بیٹا یا بیٹی ان کے ساتھ سیٹ پر موجود ہوتے ہیں اور وہ انہیں نہ صرف کام کرتے دیکھتے ہیں بلکہ کام میں ان کی مدد بھی کرتے ہیں۔ فلم ’دیوداس‘میں انوپم کھیر کے بیٹے سکندر نے ان کے ساتھ کام کیا اس کے بعد ’ بلیک‘ میں سونم کپور اور رنبیر کپور ساتھ رہے سانوریا میں شتروگھن سنہا کے بیٹے کش ساتھ تھے اور اب بھنسالی کی اگلی فلم ' گزارش‘ جس میں رتیک اور ایشوریہ رائے اہم رول میں ہیں اس کے سیٹ پر آدتیہ پنچولی اور زرینہ وہاب کے بیٹے سورج انہیں اسسٹ کریں گے۔