ڈائریکٹر مدھربھنڈارکر کی مشکلیں

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
مہاراشٹر کے شہر ممبئی کی ایک عدالت بالی وڈ فلمساز اور ہدایت کار مدھربھنڈارکر کے خلاف جنسی زیادتی کے کیس کی اپنی نگرانی میں از سر نو تفتیش کرے گی۔
اندھیری ریلوے موبائیل کورٹ کی مجسٹریٹ آر کے شیخ نے پولیس کے ذریعہ عدالت میں داخل کردہ بی سمری رپورٹ کو خارج کر دیا جس میں پولیس نے فلمساز مدھر بھنڈارکر کو جنسی زیادتی کے تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔
مجسٹریٹ نے اس کیس کی سماعت بائیس دسمبر تک ملتوی کردی ہے اور مبینہ جنسی زیادتی کی شکار پریتی جین کو اس روز عدالت میں حاضر رہنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے محترمہ جین سے ان تمام موبائیل ایس ایم ایس کی رپورٹ بھی طلب کی ہے جو جین کے مطابق انہیں بھنڈارکر نے کیس درج کرانے کے بعد دھمکی کے طور پر بھیجے تھے۔
عدالت میں محترمہ جین کے وکیل سوشان کنجورمن نے بتایا کہ انہیں حیرت ہوتی ہے کہ پولیس ان کی موکلا سے بار بار یہ کہتی آئی ہے کہ وہ جنسی زیادتی کا کوئی ثبوت پیش کریں جبکہ ان کی موکلا کی بنیادی شکایت ہی جنسی زیادتی کی ہے۔
ایڈووکیٹ رمن نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے مطابق جنسی زیادتی کی شکار لڑکی کا بیان ہی ملزم کے خلاف تحقیقات کی بنیاد بن سکتا ہے۔
فلموں میں کام کرنے کی خواہش رکھنے والی ایک ماڈل پریتی جین نے بائیس جولائی سنہ دو ہزار چار میں ورسوا پولیس سٹیشن میں ایک رپورٹ درج کرائی تھی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ فلمساز بھنڈارکر نے انہیں اپنی فلموں میں ہیروئین بنانے کا لالچ دے کر سنہ نناوے سے دو ہزار چار کے درمیان متعدد مرتبہ ان کے ساتھ جسمانی رشتے استوار کیے اور کئی مرتبہ انکار کرنے پر ان کے ساتھ جنسی زیادتی بھی کی۔
اس وقت بھنڈارکر نے عدالت سے پیشگی ضمانت حاصل کر لی تھی۔ بھنڈارکر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فلموں میں ہیروئین کا رول حاصل کرنے کے لیے یہ ایک طرح کی ترکیب ہے۔
پولیس نے آٹھ مئی سنہ دو ہزار سات میں ایک رپورٹ پیش کی جس میں بھنڈارکر کے خلاف تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا۔ عدالت نے دوبارہ اس کیس کی تفتیش کا حکم دیا لیکن ایک بار پھر اس سال اٹھارہ جولائی کو پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بھنڈارکر کےخلاف جنسی زیادتی کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جنسی زیادتی کی مبینہ شکار پریتی جین نے بی بی سی سے گفتگو کے دوران کہا کہ انہیں اب انصاف ملنے کا یقین ہو رہا ہے۔ پریتی کے مطابق ’جب پولیس نے بھنڈارکر کو کلین چٹ دی تب میں بہت مایوس ہوئی تھی۔اس دوران میں ڈپریشن کے دور سے بھی گزری لیکن ایسے میں فیملی اور چند دوستوں کا ساتھ رہا اور اب عدلیہ سے انصاف ملنے کی امید ہے۔‘ پریتی جین کے مطابق انہیں پریشان کرنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن وہ انہیں توڑنے میں ناکام رہے۔
مدھربھنڈارکر کا شمار بالی وڈ فلم انڈسٹری کے کامیاب فلمسازوں میں کیا جاتا ہے۔ ان کی کئی فلموں کو نیشنل فلم ایوارڈ سے نواز جا چکا ہے ان کی چند کامیاب فلمیں ’چاندنی بار، پیج تھری، فیشن اور کارپوریٹ‘ شامل ہیں۔ حال ہی میں ان کی فلم ’جیل‘ ریلیز ہوئی ہے۔






















