قطرینہ کی شادی، پرینکا ساتویں آسمان پر

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
پرینکا چوپڑہ جنہیں بالی وڈ میں پگی چوپ کےنام سے بلایا جاتا ہے، ساتویں آسمان پر خود کو محسوس کر رہی ہیں اور کیوں نہ کریں جب انہیں ان کی اداکاری کے لیے نیشنل ایوارڈ سے نوازا جائے تو۔۔۔۔ فلم فیشن میں اداکاری کے لیے انہیں پہلے ہی فلم فیئر اور کئی اور ایوارڈ مل چکے ہیں لیکن نیشنل ایوارڈ جیسا اعزاز ملنا واقعی اعزاز کی بات ہے۔ کیا ہوا اگر پرینکا نے زیادہ کامیاب فلمیں نہیں دی ہیں لیکن اپنے مدمقابل ہیروئین کرینہ کپور اور قطرینہ کیف کو تو مات دے دی۔ امریکہ میں فلم انجانا انجانی کی شوٹنگ کر رہی پرینکا کو جب پتہ چلا تو انہوں نے یہی کہا کہ وہ خود کو نویں آسمان پر محسوس کر رہی ہیں۔ ہم نے تو اب تک سات آسمان ہی سنا تھا لیکن جب انسان خوش ہو تو نواں کیا دسواں گیارہواں کسی بھی آسمان پر خود کو محسوس کرے آپ کو کیا؟
قطرینہ کی شادی
قطرینہ کیف شادی کر رہی ہیں۔ یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جب کیٹ بے بی نے کہا کہ وہ سنہ دو ہزار بارہ میں شادی کر لیں گی۔ بالی ووڈ اور کیٹ کے پرستار بہت بے چین ہیں کہ کیٹ کب اور کس سے شادی کریں گی۔ یہ خبر کیسے پتہ چلی؟ دراصل کچھ دنوں سے کیٹ اپنے لیے ایک بڑے سے فلیٹ کی تلاش میں تھیں لیکن پھر انہوں نے ایسی تلاش بند کر دی۔ کیوں بند کردی؟ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اب صرف دو سال کے اندر جب انہیں اپنے سسرال جانا ہے تو پھر فلیٹ کیوں لیا جائے؟ ویسے کیٹ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ سلو سے ہی شاید کریں گی یا پھر کسی اور سے۔
رانی کا سفر

رانی مکھرجی نے آخر کار اپنا نیا سفر شروع کر دیا۔ یش راج سٹوڈیو کی پرچھائیں سے باہر نکل کر رانی نے یو ٹی وی کے بینر تلے بننے والی فلم ’نو ون کلڈ جسیکا‘ سائن کر لی۔ سچی کہانی پر بننے والی اس فلم میں ودیا بالن جسیکا بنیں گی اور رانی بطور وکیل۔ آپ کو یاد ہے یش چوپڑہ کی فلم ’ویرزارا‘ جی ہاں رانی نے اس فلم میں شاہ رخ کے وکیل کا کردار ادا کیا تھا۔ انتظار کیجیے رانی کی بہترین اداکار اور شاید ایک کامیاب فلم کا۔
جیٹھ اور بھابھی
بالی ووڈ میں کئی فلمی خاندان ہیں جن میں کپور خاندان پہلا ایسا خاندان مانا جاتا ہے جس کی تین پیڑھیاں فلم انڈسٹری میں ہیں لیکن یہ خاندان ایک اور بات کے لیے مشہور ہے اور وہ ہے جیٹھ اور بھابھی کے رسمی رشتے کو پرے رکھ کر فلم میں ہیرو ہیروئین کے طور پر کام کرنے کے لیے۔ رندھیر کپور نے اپنے چھوٹے بھائی رشی کپور کی بیوی نیتو کے ساتھ کام کیا تھا۔ خیر اتنی لمبی تمہید کے بعد آپ کو بتا ہی دیتے ہیں کہ اب دوسرے فلمی خاندان یعنی سلمان خان خاندان میں سلمان کے ساتھ ان کی بھابھی یعنی ارباز خان کی بیوی ملائکہ ارورہ خان فلم ’دبنگ‘ میں آئٹم گیت پر رقص کریں گے۔ حیرت ۔۔۔۔۔ ارے بھئی آئٹم گیت کے بول تو سن لیجیے ’منی بدنام ہوئی ڈارلنگ تیرے لیے‘۔
جھمکا گرا رے

نا بھئی یہاں جھمکا گرا نہیں ہے۔ آج کل بالی ووڈ میں ساڑھی کا دوبارہ چلن عام کرنے لیے مشہور ودیا بالن کے پاس جھمکوں کا خزانہ ہے۔ چھوٹے بڑے، چاندی کے سونے کے کئی جھمکے ہیں اور وہ انہیں صرف پارٹیوں میں پہن کر ہی نہیں آتی ہیں بلکہ اسے اپنی فلموں میں بھی پہنتی ہیں۔ چلیے اسی بہانے کم سے کم اس ماڈرن مغربی دور میں ہندستانی لباس اور زیورات تو دیکھنے مل جاتے ہیں۔ ویسے کیا آپ حسین ریکھا کے انداز کو تو نہیں بھولے نا۔۔۔ ودیا ان کا نیا روپ نظر آتی ہیں۔
چور جیاخان
جیا خان چور نکلیں۔ اٹلی میں فلم ’ہاؤس فل‘ کا پورا یونٹ اکشے کمار، دیپکا پادوکون، رتیش دیشمکھ، لارا دتہ، جیا خان اور ساجد خان ہوٹل میں کھانا کھانے پہنچے۔ کھانا ختم ہونے کے بعد ویٹر جب بل لے کر آیا تو اس نے میز کے تمام چمچے اور کانٹے غائب پائے۔ اس نے میز پر موجود تمام افراد کے پرس چیک کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ سب کے بیگ چیک ہوئے اور تمام سامان جیا کے بیگ سے نکلا۔ جیا پریشان ان کی آّنکھوں میں آنسو اور پھر سب کے قہقہے فضا میں گونجنے لگے۔ سب نے مل کر جیا کے ساتھ مذاق کیا تھا۔ اس کے بیگ میں چھپا کر سامان ڈالا اور ویٹر کو بھی ساتھ ملا لیا۔
سیف کی پسند

آپ کو ہمیں سب کو پتہ ہے کہ سیف کی پسند کرینہ ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ سیف کو کرینہ کا کون سے روپ پسند ہے؟ سائز زیرو۔ فلم ’کم بخت عشق‘ میں سائز زیرو بن کر بکنی پہننے والی بے بو کے چرچے دنیا بھر میں ہوئے۔ لیکن ان کے پرستاروں اور خود ان کی والدہ ببیتا کے کہنے پر کرینہ نے دوبارہ اپنا وزن بڑھا لیا۔ سیف کرینہ کے بھر پور جسم سے ناراض ہیں اور وہ انہیں دوبارہ سائز زیرو میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
عامر کی توبہ
عامر خان نے شراب اور سگریٹ سے توبہ کر لی ہے۔ ویسے یہ توبہ کب تک قائم رہتی ہے یہ پتہ نہیں کیونکہ اس سے پہلے بھی عامر نے سگریٹ سے توبہ کر لی تھی۔ لیکن پھر جب بھی ان کی آنے والی فلم کا ٹینشن ان کے سر پر سوار ہوتا ہے وہ سگریٹ پینا شروع کر دیتے ہیں۔ ویسے ہم ایک گارنٹی دے سکتے ہیں کہ وہ اپنےعہد پر کم سے کم دیڑھ سال تک قائم رہیں گے وہ اس لیے کہ اس سال وہ کسی بھی فلم میں کام نہیں کریں گے۔ البتہ عامر نے شراب اور سگریٹ چھوڑنے کی وجہ کیا بتائی ہے آپ کو معلوم ہے؟ ان کا وزن دس کلو بڑھ گیا ہے اور یہ سمجھنے کے لیے ہم آپ کی تعریف نہیں کریں گے کہ فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کی کامیابی نے انہیں بے فکر اور موٹا کر دیا۔ اب اس وزن کو کم کرنے کے لیے ان کی توبہ جاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہائیڈ اینڈ سیک
اداکار وویک اوبیرائے کئی برسوں سے لُوکا چھپی کا کھیل کھیلتے آرہے ہیں۔ کیا کریں زندگی میں انہوں نے اتنی غلطیاں کر دیں کہ اب خمیازہ بھگتے بھگتے وہ پریشان ہو گئے ہیں۔ انہیں جب کہیں کسی پارٹی میں جانا ہوتا ہے وہ پہلے پوچھ لیتے ہیں کہ اس پارٹی میں سلمان خان یا پھر ابھیشیک بچن تو نہیں آرہے۔ ایسا وہ کیوں پوچھتے ہیں اس بات سے تو آپ سب واقف ہی ہیں نا۔۔۔۔
چند دنوں قبل ہدایت کار اپوروا لکھیا نے انہیں اپنی فلم کے میوزک ریلیز کی پارٹی میں بلایا تھا۔ لیکن اس پارٹی میں ابھیشیک بچن بھی پہنچے۔ جیسے ہی وویک کو اس کی خبر ملی وہ پریشان ہو گئے۔ بار بار پارٹی کے منتظمین سے فون پر پوچھتے رہے کہ ابھیشیک پارٹی سے گئے یا نہیں اور جیسے ہی ابھی پارٹی چھوڑ کر نکلے وویک چند منٹوں میں پہنچ گئے۔






















