بالی ووڈ ڈائری: رانی قبول ہے

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
یش چوپڑہ نے آخر رانی مکھرجی کو قبول کر ہی لیا۔ ایک ایوارڈ پروگرام میں رقص پیش کرنے کے بعد رانی مہمانوں کی سیٹ پر بیٹھے یش چوپڑہ کی جانب بڑھیں۔ یش نے رانی کو گلےلگا لیا ان کی بیوی پامیلا نے جھینپی سی مسکراہٹ کے بعد رانی کے گالوں پر بوسہ تو دیا لیکن وہ سارے پروگرام کے دوران بے چین سی تھیں۔ کوئی بات نہیں رانی آپ نے اپنی طویل عرصے سے چلی آرہی ’جنگ‘ کا پہلا مرحلہ تو جیت لیا۔ اب رانی کے بعد اگر سب سے زیادہ خوش کوئی ہو گا تو یش کے بیٹے آدتیہ جو رانی سے پیار کرتے ہیں لیکن والدین کی مرضی کے بغیر وہ رانی سے اپنے رشتے کو کوئی نام نہیں دے پا رہےتھے۔ اب لگتا ہے کہ آپ بہت جلد شادی کی شہنائیاں سن سکیں گے اور ساتھ ہی رانی کی ایک کامیاب فلم۔
بے انتہا حسین سونیا
نا ۔۔۔ نا ۔۔۔ ہم ہندوستان کی لیڈر سونیا گاندھی کی بات بالکل نہیں کر رہے بلکہ یہاں بات ہو رہی ہے پاکستانی اداکارہ سونیا جہاں کی اور بے انتہا خوبصورتی کا خطاب انہیں ہم نے نہیں بلکہ فلمساز رتیش سدھوانی نے دیا ہے۔ اچھا ایک بات بتایے اگر ایشوریہ رائے کی خوبصورتی کا متبادل دیکھنا ہو تو آپ کسے ان کی جگہ رکھ سکیں گے؟ اگر ہم نے یہ بات کہہ دی تو بہت سے ہیروئین ناراض ہو جائیں گی لیکن رتیش کو یہ کہنے میں کوئی عار نہیں تھی۔ دراصل ان کی فلم ’کروکڈ‘ میں ابھیشیک بچن کے ساتھ ایش کا کردار تھا لیکن تاریخوں کی کمی کی وجہ سے ایش نے یہ رول کرنے سے منع کر دیا۔ رتیش نے سونیا کو ان کی جگہ یہ کہتے ہوئے لیا کہ وہ بے انتہا خوبصورت اور حسین آنکھوں والی حسینہ ہیں۔ سونیا اس سے پہلے اکبر خان کی فلم تاج محل میں ممتاز محل اور کرن جوہر کی فلم ’مائی نیم از خان‘ میں اداکاری کر چکی ہیں۔
اجے کی کھیتی

امیتابھ بچن اور عامر کی طرز پر اجے دیوگن کاشتکار بن گئے ہیں۔ لیکن ٹھےریے یہاں ایک فرق ہے۔ اجے نے کاشتکاری کے لیے کہیں کی زمین خریدی نہیں ہے بلکہ وہ ممبئی سے چند سو کلومیٹر دور کرجت کے اپنے فارم ہاؤس پر سبزیاں اور پھل اُگاتے ہیں۔ اٹھائیس ایکڑ کے فارم ہاؤس پر ساڑھے چار ہزار پپییا، ڈھائی ہزار کیلے اور کیسر اور ہاپوس آم کے درخت ہیں۔ سبزیوں میں بیگن بھنڈی مولی اور ٹماٹر آپ کو مل جائیں گے۔ تو کیا خیال ہے پکنک منانے جایا جا سکتا ہے کیوں؟
مائی نیم از خان
یاروں کے لیے یہ ’خان‘ سر نیم آج کل تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ شاہ رخ کو امریکی ائر پورٹ پر گھنٹوں روکنے کے بعد اب تو جیسے یہ سلسلہ نکل پڑا ہے۔ کوریوگرافر احمد خان کو امریکہ سے ویزا نہیں مل سکا اس لیے انہوں نے ٹیلی فون پر ہی اپنے اسسٹنٹ کو رقص کے سٹیپ سمجھائے۔ اب اس خان سرنیم کا نیا شکار بیچارے زید خان ہوئے ہیں۔ انہیں فلم ’انجانا انجانی‘ کی شوٹنگ کے لیے نیویارک جانا تھا لیکن ویزا ہی نہیں ملا۔
سشمیتا پھر ماں بنیں

ایک بار پھر حسینہ کائنات سشمیتا سین ماں بن گئیں انہوں نے علیشا کو گود لے لیا۔ اس کے لیے انہیں عدالت کے کئی چکر کاٹنے پڑے۔ دراصل گود لینے کی راہ میں کچھ قانونی رکاوٹیں تھیں، جو دور ہو گئیں۔ سش بے بی، رینی اور علیشا کے ساتھ ایک رشتہ تو آپ نے بنای لیا لیکن کیا آپ اپنے تیزی سے بدلتے بوائے فرینڈز میں سے کسی ایک کے رشتے کو بھی کوئی نام دینے کے لیے کبھی تیار ہوں گی؟
تبو کی فرمائش
ہمیں آج پتہ چلا کہ آخر اتنی فنکارانہ صلاحتیوں کے باوجود تبو بالی وڈ پردے پر نظر کیوں نہیں آتی ہیں؟ فلموں کے انتخاب میں بہترین سکرپٹ کی فرمائش۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ابھے دیول تبو کو اپنی ہوم پروڈکشن میں بننے والی فلم میں لینے کے خواہشمند تھے۔ انہوں نے تبو کے ساتھ کئی میٹنگ کیں۔ لیکن تبو نے رول سننے کے بعد سکرپٹ میں تبدیلی کا مشورہ دیا۔ سننے میں آیا ہے کہ وہ انہیں آفر کیے گئے رول کو منفی ٹچ دینا چاہتی تھیں جبکہ ابھے اس کے لیے تیار نہیں تھے۔ بے بی بالی وڈ میں اب ہیروئین کے لیے زیادہ رول کہاں ہوتا ہے۔ اب اگر آپ اپنی ضد پر اڑی رہیں تو پھر آپ کے چاہنے والے تو آپ کو فلموں میں دیکھنے سے محروم ہی رہ جائیں گے۔
سلمان کی گھوڑ سواری

آج کل سلمان خان اپنی فلم ’ویر‘ کی تشہیر کے لیے پورے ملک کے دورے پر نکلے ہیں۔ حیدرآباد میں انہیں دیکھنے کے لیے ان کے شائقین میں بھگدڑ مچ گئی جس میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے لیکن اس سے پرے سلو نے ممبئی کے مہالکشمی ریس کورس میں گھوڑ سواری مقابلہ میں حصہ بھی لیا۔ ماہر اور مشاق گھڑ سواروں کے درمیان گھوڑا دوڑانا مشکل کام تھا لیکن سلو نے اس کی پریکٹس کی اور گھوڑا دوڑایا بھی۔ جی ہاں یہاں فلموں کی طرح ڈپلیکیٹ کوئی نہیں تھا۔
ٹھنڈے رنبیر
رنبیر کپور تین دن اور تین راتوں تک نیویارک کے سینٹرل پارک آئس سکیٹنگ رنک میں سکیٹنگ کرتے رہے۔ فلم انجانا انجانی کی شوٹنگ کے لیے ہیرو رنبیر کو فلم میں سکیٹنگ کرنی ہے اور رنبیر نے اپنی ساری چھٹیاں سکیٹنگ کی مشق کرنے میں گزار دی۔ دیپکا سے بریک اپ کے بعد دیپکا بھی کچھ دنوں تک میڈیا سے دور رہیں اور اب رنبیر نے میڈیا سے بچنے کے لیے یہ راہ ڈھونڈھ نکالی ہے۔ زیرو سکس ڈگری درجہ حرارت پر کھلے آسمان کے نیچے برف میں سکیٹنگ ۔۔۔۔ رنبیر کیا جذبات کو ٹھنڈا کرنے کا نسخہ تھا؟
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انیس قطرینہ سے ناراض
ہدایت کار انیس بزمی قطرینہ کیف سے بہت ناراض ہیں کیونکہ کیٹ نے ان کی ہدایت میں بننے والی فلم ’تھینک یو‘ کو تاریخیں دینے کے بجائے فرح خان کی فلم ’تیس مار خان‘ کو اپنی تاریخیں دے دی ہیں۔ ویسے اس کے پیچھے کچھ وجہ بھی ہے۔ دراصل اس سال کیٹ بے بی کے پاس صرف ایک فلم ’راج نیتی‘ ہے اب انیس کی فلم کی شروع ہونے میں وقت لگے گا اور کیٹ نے اس لیے فرح کی فلم کو تاریخ دے دی۔ ویسے انیس جی آپ کو ماننا پڑے گا کہ اب کیٹ بے بی سمجھدار ہو گئی ہیں۔







