’جذبات کو ٹھیس پہنچانا مقصد نہیں تھا‘

ہندوستان کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ رو س میں پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے ساتھ ملاقات کے دوران انجانے میں انہوں نے میڈیا کی موجودگی میں باتیں شروع کر دی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میں بھول گیا تھا کہ میڈیا وہاں موجود ہے اور میرا مقصد زراداری صاحب کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔‘
گزشتہ ماہ روس کے شہر یکاترن برگ میں منموہن سنگھ اور آصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات کے وقت میڈیا کی بڑی تعداد موجود تھی اور اس سے پہلے کہ صحافی اور فوٹو گرافر کمرے سے باہر نکلتے بھارتی وزیر اعظم نے زرداری سے بات چیت شروع کردی۔
منموہن سنگھ نے دہشتگردی کے حوالے سے آصف علی زراداری سے جو باتیں کہیں وہ میڈیا نے شائع کردیں تھیں۔
سنیچر کے روز اٹلی میں جی 8 اجلاس میں شرکت کے بعد واپسی پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ '' یہ میری نیت نہیں تھی کہ میں نے جو بھی زراداری صاحب سے کہا وہ میڈیا کے سامنے کہوں۔ میں بھول گیا تھا کہ وہاں میڈیا موجود ہے۔ میری قطعی یہ نیت نہیں تھی کہ میں زرادی صاحب کے جذبات کو ٹھیس پہنچاؤں۔''
بھارت اور پاکستان کے درمیان رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ '' ہم بھی اپنے پڑوسی کے رشتے اچھے کرنا چاہتے ہیں اور سبھی معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن اس سے پہلے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔''
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ روس میں آصف علی زرادی سے بات چیت کے بعد بھارتی حکام نے پاکستانی حکام سے بات بات چیت کی ہے۔ '' ہماری ہائی کمشنر ، آئی ایس آئی اور دفترخارجہ سے بات ہوئی ہے ۔ ہمیں انہوں نے ممبئی کے مجرموں کے خلاف کارروائی کے بارے میں بتایا ہے۔ اور ہمیں امید ہے کہ وہ اس سمت میں مزید اقدامات کریں گے۔''
منموہن سنگھ آئندہ ہفتے مصر میں پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کریں گے۔ اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ '' میں یوسف رضا گیلانی سے بات چیت کا انتظار کر رہا ہوں، میں ان سے کہوں گا کہ ممبئی حملوں کے مجرموں کے خلاف پاکستان کارروائی کرے اور بھارت کے خلاف سرگرم گروپ پر پابندی لگائے۔''
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ممبئی حملوں کے بعد سے بھارت اور پاکستان کے درمیان رشتے اچھے نہیں ہیں لیکن مصر کے شہر شرم الشیخ میں غیر وابستہ تحریک کے اجلاس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں بات چیت آگے بڑھنے کے امکانات ہیں۔




















