’مگر پاکستان نہیں مانا ‘

ایس ایم کرشنا
،تصویر کا کیپشنوزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کا مطابق پاکستان کےساتھ حوالگي کے معاہدے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ گیارہ بار حوالگی کا معاہدہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن تمام کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔

پارلیمان کے ایوان بالاں یعنی راجیہ سبھامیں ایک سوال کے جواب میں مسٹر کرشنا نے کہا کہ سنہ انیس سو ترانوے کے بم دھماکے اور ممبئی حملے کے ملزمین سمیت بیالیس افراد پر مشتمل ایک لسٹ پاکستان کو سونپی گئی ہے۔

راجیہ سبھا میں ایک سوال پوچھا گيا تھا کہ داؤد ابراہیم جیسے بھارتی شہری جنہوں نے ہندوستان میں جرائم کرنے کے بعد پاکستان میں پناہ لے رکھی ہے انہیں بھارت لانے کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے۔ اس کے جواب میں مسٹر کرشنا نے کہا کہ بھارت نے داؤد ابراہیم سمیت بہت سے افراد پر مشتمل ایک لسٹ پاکستان کو سونپی ہے لیکن پاکستان اس مسئلے پر تعاون نہیں کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے داؤد ابرہیم، ٹائیگر میمن، چھوٹا شکیل اور لکھبیر سنگھ جیسے بھارتی نژاد مجرموں کی پاکستان میں موجودگی سے انکار کیا ہے۔'' جہاں تک پاکستانی شہریوں کا تعلق ہے تو پاکستان نے ثبوت کی کمی اور حوالگی کا معاہدہ نا ہونے کے کی بات کہی ہے۔ ہم نے پاکستان کے ساتھ حوالگی کے معاہدے کے لیے گیارہ بار ناکام کوشش کی ہے۔''

ایس ایم کرشنا کا کہنا تھا کہ حوالگی کے معاہدے کے تعلق سے پاکستان نے بھارت کی کوششوں پر مثبت جواب نہیں دیا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت پاک رشتوں کے تعلق سے گرچہ پاکستان کا رویہ منفی رہا ہے لیکن اس کے باوجود ہندوستان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کے لیے کوشش کرتا رہےگا۔'' ہمیں امید ہے کہ پاکستان ہماری ان کوششوں کو ایک نا ایک روز سمجھےگا۔''