پونے ممبئی میں سوائن فلو سے دہشت

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کے پونے شہر کی چودہ سالہ لڑکی ردا شیخ کی سوائن فلو سے موت کے بعد پونےاور ممبئی شہر میں سراسیمگی پھیل گئی ہے۔
پونے کے سرکاری ہسپتال میں فلو کی جانچ کرانے کے لیے لوگوں کا تانتا لگا ہوا ہے وہیں ممبئی کے کستوربا ہسپتال میں بھی لوگوں کی قطاریں لگی ہیں۔
پونے میں ان دو دنوں میں سوائن فلو کے نو کیس درج ہوئے ہیں۔ جن میں ردا کی سکول سینٹ اینس کی تین لڑکیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دو مزید سکول اس خطرناک فلو کی لپیٹ میں آچکے ہیں جن میں سینٹ ہلینا اور سینٹ لوویلا شامل ہیں۔ اس سے قبل پونے شہر میں سات سکولوں کو پہلے ہی بند کر دیا گیا تھا۔
ریاستی وزیر صحت راجیندر شینگڑے نے سینٹ اینس سکول کو مزید آٹھ دنوں کے لے بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔
حکومت نے پونے اور ستارا علاقے کو وبائی امراض کا شکار علاقہ قرار دے دیا ہے۔ مہاراشٹر میں اب تک ایک سو بہتر سوائن فلو کے کیس درج ہوئے ہیں جن میں ایک سو اٹھارہ پونے کے ہیں۔
اس دوران ردا شیخ کی آنٹی عائشہ نے ردا کی موت کے لیے دو ہسپتالوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ جہانگیر ہسپتال جہاں ردا کا علاج جاری تھا اور روبی ہال جہاں ردا کی طبی معائنہ ہوا اور رپورٹ منفی آئی تھی۔ ان کے وکیل آصف لیمپ والا نے کہا ہے کہ وہ ہسپتال کے خلاف سول اور فوجداری دونوں قوانین کے تحت کیس کر رہے ہیں۔
پونے کے سرکاری نائیڈو ہسپتال میں ردا کی موت کے بعد سے لوگوں کا تانتا لگا ہے۔ ہر کوئی اپنے اور اپنے بچوں کا سوائن فلو کا ٹیسٹ کرانا چاہتا ہے۔ سرکاری میڈیکل افسر آر آر پردیسی کا کہنا تھا کہ ہر کسی کا ٹیسٹ کرنا مشکل تھا وہ لوگ بھی پریشان تھے جنہیں معمولی زکام تھا۔
پردیسی کے مطابق وہ ایسے ہی لوگوں کا ٹیسٹ کر رہے ہیں جو یا تو حال ہی میں غیر ملک سے وطن واپس لوٹے ہیں یا جن کا کسی سوائن فلو کے شکار کے ساتھ کسی طرح کا رابطہ رہا ہو۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

پونے کے میونسپل کمشنر مہیش زیگڑے کے مطابق سوائن فلو کے علاج کے لیے نائیڈو ہسپتال کے ساتھ ہی اب اوندھ ہسپتال میں بھی تیاریاں کر دی گئی ہیں وہاں بیس بستروں کا ایک علیحدہ وارڈ تیار کر لیا گیا ہے۔
پونے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی میں سوائن فلو کے ٹیسٹ کی جانچ کی جا رہی ہے۔
پونے کے ساتھ ہی ممبئی میں بھی لوگوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ ممبئی کے کستوربا ہسپتال میں فلو کا ٹیسٹ کرانے والوں کی لائن لگی تھی۔
مہاراشٹر میں سوائن فلو سیل کے انچارج ڈاکٹر پردیپ راؤتے کے مطابق میں ممبئی میں اب تک چوبیس پازیٹو کیس درج ہوئے جن میں بنکاک سے آئی ایک خاتون اور امریکہ سے واپس لوٹی ایک بارہ سالہ لڑکی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایک آئی اے ایس افسر کے بھی سوائن فلو سے متاثر ہونے کی خبریں ہیں وہ حال ہی میں غیر ملکی دورہ کر کے لوٹے تھے۔
کستوربا ہسپتال میں سوائن فلو کے مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈ بنایا گیا ہے۔ ہسپتال میں جانچ کے لیے آنے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان مشتبہ مریضوں کی جانچ بھی پونے کے ہی وائرولوجی ڈپارٹمنٹ سے کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر راؤتے کے مطابق ممبئی میں گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔






















