چین کے اعلان سے انڈیا پر دباؤ

کولکتہ
،تصویر کا کیپشنانڈیا دنیا میں پانچ فیصد کاربن کے اخراج کا ذمہ دارہے

انڈیا میں ماحولیات کے وزیر جے رام رمیش نے کہا ہے کہ چین کی طرف سے کاربن کا اخراج کم کرنے کے اعلان سے انڈیا پر بھی ایسا کرنےکیلیےدباؤ پڑےگا۔

انہوں نے ہندوستان ٹائمز کو ایک انٹرویو میں کہا کہ کوپن ہیگن اجلاس سے پہلے چین کا کاربن کے اخراج میں کمی کے اہداف کا اعلان انڈیا کے لیے ’آنکھیں کھولنے کا پیغام‘ ہے۔

انڈیا اس سے پہلے کاربن کے اخراج کے لیے اپنے کو آپ پابند نہ کرنے کے حق میں وہی دلیل دیتا رہا ہے جو چین دیا کرتا تھا کہ وہ اسی وقت اپنے آپ کو پابند کرے گا جب ترقی یافتہ ممالک بھی ایسا کریں گے۔

چین نے کہا ہے کہ وہ سن دو ہزار بیس تک اپنی’کاربن کی شدت‘ سن دو ہزار پانچ کے مقابلے میں چالیس سے پینتالیس فیصد تک کم کرے گا۔ ’کاربن کی شدت‘ مجموعی قومی پیداوار کے ہر یونٹ کے مقابلے میں خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار ہے۔

انڈیا میں ایک تازہ اندازے کے مطابق سن دو ہزار تیس تک ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کا اخراج ایک اعشاریہ دو ارب ٹن سے بڑھ کر چار سے سات ارب ٹن تک ہو جائے گا۔

جے رام رمیش نے کہا کہ چین کے اعلان کے بعد انڈیا کو اپنے موقف میں لچک پیدا کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اپنے آپ کو کسی ہدف کا پابند کیے بغیر پالیسی میں لچک پیدا کر سکتا ہے۔

دنیا میں کاربن کےاخراج میں انڈیا کا حصہ پانچ فیصد ہے۔ چین، روس اور امریکہ اس سے زیادہ کاربن کے اخراج کے ذمہ دار ہیں۔