قصاب کے وکیل معافی کے طلبگار

چھبیس نومبر سنہ دو ہزار آٹھ کو ممبئی میں ہونے والے حملوں کے واحد زندہ بچنے والے ملزم اجمل قصاب کے وکیل عباس کاظمی نے عدالت سے اپنے ایک بیان پر غیر مشروط معافی طلب کی ہے۔
عباس کاظمی نے جمعرات کو عدالت میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ وکیلِ استغاثہ کی جانب سے داخل کیے جانے والےگواہوں کے بیاناتِ حلفی کو تسلیم نہیں کرتے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق عباس کاظمی کا کہنا تھا کہ’ یہ ایک تاریخی مقدمہ ہے اور میں نے ملزم کا دفاع کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ جو کچھ کل ہوا وہ واقعاتی ردعمل تھا اور میں عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں”۔
جج ایم ایل تہلیانی نے عباس کاظمی کی معافی کی درخواست قبول کرتے ہوئے اپنی یہ ’آبرزویشن” بھی واپس لے لی کہ عباس کاظمی ایک دروغ گو ہیں۔
جج ایم ایل تہلیانی نے جمعرات کو سماعت کے دوران عباس کاظمی کو اس وقت جھوٹا قرار دیا تھا جب انہوں نے یہ ماننے سے انکار یا تھا کہ خصوصی پبلک پراسیکیوٹر اجول نکم نے آٹھ مئی کو اپنے ابتدائی بیان میں یہ کہا تھا کہ وہ گواہوں کے بیاناتِ حلفی داخل کریں گے۔


















