فیس بک: ممبران کے پاس مزید کنٹرول

مارک زکربرگ
،تصویر کا کیپشنلوگ معلومات چھوٹےگروہوں میں تقسیم کرنے کے خواہاں ہیں:مارک زکربرگ

دنیا کی مقبول ترین سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک نے اپنے ممبران کو ان کے ذاتی مواد پر مزید کنٹرول فراہم کرنے کے لیے کچھ نئی سہولیات متعارف کروائی ہیں۔

ان فیچرز میں ’گروپس‘ نامی سہولت بھی شامل ہے جس کی مدد سے صارفین اپنے دوستوں کو مختلف گروہوں میں تقسیم کر کے اس بات کا فیصلہ کر سکیں گے کہ ان گروہوں کو ذاتی مواد تک رسائی دینی ہے یا نہیں۔

اس کے علاوہ فیس بک صارف پہلی مرتبہ وہ تمام ڈیٹا ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گے جو انہوں نے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا ہے۔

فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ ’ان کے لیے یہ جاننا بھی آسان ہوگا کہ انفرادی طور پر اپلیکیشنز کیسے ان کی ذاتی معلومات استعمال کر رہی ہیں‘۔ بی بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ تبدیلیاں لوگوں کو ان چیزوں پر زیادہ کنٹرول دینے کے بارے میں ہیں جنہیں وہ مختلف تناظر میں دوسروں سے بانٹتے ہیں‘۔

ایک بات جو ہم نے سنی تھی وہ یہ کہ ’لوگ اپنی معلومات چھوٹےگروہوں میں بٹے لوگوں میں تقسیم کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس آپشن سے لوگ وہ چیزیں بھی اب بانٹ سکیں گے جو وہ اپنے تمام دوستوں میں تقسیم نہیں کر سکتے‘۔

خیال رہے کہ فیس بک پر پہلے ہی ’لسٹ‘ کی ایک آپشن موجود ہے جس کی مدد سے فیس بک پر موجود دوستوں کی درجہ بندی کی جا سکتی ہے تاہم زکربرگ کے مطابق فیس بک کے پانچ سو ملین صارفین میں سے صرف پانچ فیصد ہی اس سہولت کو استعمال کرتے ہیں۔

تحقیقاتی فرم فاریسٹر کے سینئر تجزیہ کار آگی رے کا کہنا ہے کہ ’گروپس کی آپشن رویوں میں تبدیلی لائے گی‘۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ لوگ فیس بک پر اب اس لیے آئیں کیونکہ وہ اس بات کو کنٹرول کر سکتے ہیں کہ کون ان کی معلومات دیکھ سکتا ہے۔