امریکی فوج کے لیے بُرا دن

امریکی فوج کے عراق اور افغانستان میں مختلف واقعات میں ایک دن میں آٹھ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
تین امریکی فوجی شمالی عراق میں سڑک کے کنارے نصب کیے گئے بم کا نشانہ بنے۔ یہ پانچ ماہ میں ایک واقعے میں امریکی فوج کا سب سے بڑا نقصان ہے۔ایک امریکی فوجی بغداد میں ہلاک ہوا۔
مشرقی افغانستان میں ایک حملے میں چار امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل عراقی پولیس نے کہا تھا کہ کرکوک کے جنوب میں ایک مقامی پولیس افسر اور ان کے چار ساتھی بھی سڑک کے کنارے نصب بم کا نشانہ بن گئے تھے۔
مشرقی بغداد میں تشدد کے ایک واقعے میں جس میں محکمہ صحت کے اعلیٰ افسر کو نشانہ بنایا گیا تھا محمکہ کا ایک ملازم ہلاک ہو گیا۔
افغانستان میں تشدد کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جبکہ عراق میں جولائی میں امریکی فوج کے پیچھے ہٹنے کے بعد سے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
افغانستان میں آٹھ سال میں آٹھ سو بیس امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ عراق میں سن دو ہزار تین سے اب تک چار ہزار تین سو چالیس امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

















