کرزئی نے حلف اٹھا لیا

افغانستان میں متنازع صدارتی انتخاب کے بعد اب حامد کرزئی نے دوسری مدتِ صدارت کے لیے حلف اٹھا لیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب جمعرات کو کابل میں ہوئی اور اس موقع پر شہر میں سخت سکیورٹی کا انتظام کیا گیا تھا۔ حکام نے عام تعطیل کا اعلان کر کے کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بند رکھا اور شہریوں کو اپنے گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی۔
حلف لینے کے بعد ر صدر کرزئی نے اپنی تقریر میں اپنے انتخابی حریف ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کو ان کے ساتھ مل افغاسنتان کی خوشحالی کے لیے کر کام کرنے کی پیشکش کی۔
صدر کرزئی نے تقریر میں کہا کہ ملک میں بد عنوانی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار پر بہت جلد کابل میں ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک قومی جرگے کے ذریعے ملک میں امن کی کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بھی بہت اہم ہے کہ افغان سکیورٹی فورسز کو مضبوط بنایا جائے تاکہ ملک میں غیر ملکی افواج میں کمی کی جا سکے۔
صدر کرزئی کی حلف برداری کی تقریب میں امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن بھی موجود تھیں جن کا افغانستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور فرانس کے وزرائے اعلی کے علاوہ پاکستان کے صدر اصف علی زرداری بھی اس تقریب میں شریک تھے۔

















