گوگل: امریکہ اور چین میں کشیدگی

انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کی سائٹ کے ہیکنگ اور سینسر شپ معاملے پر امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کی طرف سے ایک تازہ بیان میں خبردار کیا گيا ہے امریکہ نے گوگل کی حمایت کے لیے جو موقف اختیار کر رکھا ہے اس سے دونوں ملکوں کے رشتوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
بدھ کے روز امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے ایک بیان میں ویب سائٹ پر سینسر شپ کی مذمت کی تھی اور ہیکنگ کے متعلق کہا تھا ’ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے میں چین کی حکومت پوری شفافیت سے جانچ کرے اور پھر تفتیش کے نتائج عام کیے جائیں۔ جو ممالک یا شخصیات سائبر حملہ کرتی ہیں ان کی عالمی سطح پر مذمت ہونی چاہیے اور انہیں اس کے نتائج بھگتنا چاہیئں۔‘
ہیلری کلنٹن نے کہا کہ جو ملک جانکاری یا خبروں کے لین دین پر روک ٹوک لگاتا ہے وہ اگلی صدی اور ترقی کے درمیان ایک دیوار کھڑی کر رہے ہیں۔
محترمہ کلنٹن نے کہا کہ گوگل جیسی بین الاقوامی کمپنی پر سیاسی طرز کی سینسر شپ کی حمایت نہیں ہونی چاہیے۔
چین نے محترمہ کلنٹن کے اسی بیان کے بعد کہا ہے کہ امریکہ نے گوگل کے مسئلے پر جو موقف اختیار کیا ہے وہ رشتوں میں بہتری کے بجائے انہیں خراب کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔



