لیبیا کے آٹھ جنگی جہازوں پر بمباری

نیٹو طیاروں نے طرابلس، الخمس اور سرت کی بندرگاہوں پر لنگر انداز لیبیا کے آٹھ جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ایک بیان میں نیٹو نے کہا ہے کہ اس کے طیاروں نے کرنل قذافی کے بحری اثاثوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ہے جن کے ذریعے وہ سویلین آبادی کو نشانہ بنایا کرتے تھے۔
دارالحکومت طرابلس کی بندرگاہ پر نیٹو طیاروں کی بمباری کا نشانہ بننے والے بحری جہازوں سے آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔
درایں اثناء لیبیا میں باغیوں کے رہنماؤں نے طرابلس کے مغرب میں واقع پہاڑی قصبوں میں بین الاقوامی امداد کی اپیل کی ہے۔
نیٹو بیان کے مطابق قذافی کی حامی فوج کی طرف سے بارودی سرنگیں بچھانے کے عمل سے لوگوں تک امدادی سامان پہنچانے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں اور ان بحری جہازوں کی طرف سے نیٹو فورسز پر حملوں کے واضح اشارے مل رہے تھے۔
بیان کے مطابق جمعہ کو ہونے والے حملے سے نیٹو کے اس عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ طاقت کے مناسب استعمال کےذریعے لیبیا کی سویلین آبادی کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔
لیبیا میں نیٹو مشن کے ڈپنی کمانڈر رئیر ایڈمرل رسل ہارڈنگ کا کہنا ہے کہ نشانہ بنائے جانے والی تمام جہاز لیبیا کی بحریہ کی ملکیت تھے اور ان کا کوئی بھی سویلین استعمال نہیں تھا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس حملے میں کوئی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















