لیبیا:نیٹو کی طرابلس میں فضائی کارروائی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں اطلاعات کے مطابق نیٹو کے فضائی حملے میں دو اہم سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
جن عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ لیبیائی رہنما کرنل قذافی کی رہائش گاہ کے نزدیک تھیں۔
حکام نے نامہ نگاروں کو نیٹو حملے سے متاثرہ عمارتیں دکھائی ہیں جن میں آگ لگی ہوئی تھی۔
لیبیا کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک عمارت سکیورٹی سروسز کی تھی جب کہ دوسری عمارت میں سرکاری حکام کی بدعنوانی کے متعلق دستاویزات رکھی گئی تھیں۔
پیر کو جرائم کی عالمی عدالت کے وکیلِ استغاثہ نے لیبیائی رہنما کرنل قذافی اور دیگر دو رہنماؤں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔
اس سے پہلے برطانوی مسلح افواج کے سربراہ نے نیٹو حکام سے کہا تھا کہ وہ لیبیا میں بمباری کی اہداف پر پابندیوں کو نرم کر کے کارروائی کا دائرہ بڑھائے۔
گزشتہ ہفتے نیٹو نے کہا تھا کہ لیبیا میں مارچ کے آخر میں اس کی جانب سے مشن کی قیادت سنبھالنے کے بعد چھ ہزار کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔

















