امریکی دفاعی کمپنی پر سائبر حملہ

کمپنی کو 21 مئی کو اس حملے کا پتہ لگا تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنکمپنی کو 21 مئی کو اس حملے کا پتہ لگا تھا

امریکی دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے اس پر ایک بڑا سائبر حملہ ہوا ہے۔

اس حملے کی معمولی تفصیلات سامنے آئی ہیں تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی ٹیم نے فوراً اس حملے کا پتہ لگا لیا تھا اور ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ اس کے کسی پروگرام کو نقصان نہ پہنچے۔

پنٹاگون کا کہنا ہے کہ وہ یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ خلاف ورزی کس حد تک ہوئی ہے۔

لاک ہیڈ جنگی طیارے، جہاز اور بلین ڈالرز کی مالیت کا اسلحہ نظام تیار کرتا ہےجنہیں دنیا بھر میں فروخت کیا جاتا ہے۔

امریکی محمہ دفاع کی جانب سے بولتے ہوئے لیفٹننٹ کرنل اپرل کنگھم نے کہا کہ پنٹاگون پر اس کا کچھ زیادہ اثر نہیں ہوا اور ہمیں نہیں لگتا کہ اس سے کچھ منفی اثر پڑے گا۔

لاک ہیڈ مارٹن کا کہنا ہے کہ کمپنی کو 21 مئی کو اس حملے کا پتہ لگا اور فوراً ہی اس حملے کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کر لیے گئے۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’ہمارا سارا نظام محفوط ہے اور کسی گاہک، پروگرام یا ملازمین کی ذاتی تفصیلات متاثر نہیں ہوئیں۔