بالی وڈ ڈائری
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
بیچاری پرینکا

کیا آپ جانتے ہیں کہ بالی وڈ فلموں کی ہیروئین کس بنیاد پر اپنی فلموں کی تاریخیں پروڈیوسرز کو دیتی ہیں؟
آپ کہیں گے یہ کیسا سوال ہے؟ یقینا" اپنی سہولت اور فری ٹائم کو مدنظر رکھ کر۔ نہیں، بالی وڈ کے میک اپ مین پامپی کی تاریخیں دیکھ کر! وہ یہ دیکھتی ہیں کہ پامپی تو کہیں کسی فلم میں مصروف نہیں۔ دراصل پامپی ایسا میک اپ مین ہے جس کے ہاتھوں کے جادو سے بالی وڈ ہیروئین کا حسن پردے پر نکھر جاتا ہے۔ اکثر اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ میک اپ مین کے لیے ٹاپ ہیروئینوں کے درمیان جھگڑا بھی ہو جاتا ہے۔
پرینکا اور ان کا سکریٹری فلم ’انجانا انجانی‘ کی شوٹنگ کے لیے پامپی کو تلاش کر رہے تھے۔ پرینکا کے سکریٹری نے پامپی کی تاریخوں کے لیے بہت کوشش کی لیکن پتہ چلا کہ اسے پہلے سے ہی کرینہ کپور نے اپنی فلم ’مدر‘ کے لیے بک کر لیا ہے۔ بیچاری پرینکا کو بینکاک شوٹنگ کے لیے پامپی کے بغیر ہی جانا پڑا۔ چلیے شاہد کے بعد جھگڑے کی ایک اور وجہ دونوں کے درمیان بن گئی۔
سلمان اور عامر کی شرارتیں
اگر آپ کو عامر اور سلمان خان کو شرارتیں کرتے دیکھنا ہے تو پھر آپ کو رات جگا کرنا ہو گا۔ رات کے دو بجنے دیجیے اور پھر باندرہ کی سڑکوں پر آپ کو اپنے دونوں چہیتے ستارے سرخ رنگ کی موٹر سائیکل پر دندناتے پھرتے نظر آئیں گے۔ اس کے بعد سلمان عامر کو اپنی اس مخصوص جگہ لے جاتے ہیں جہاں دونوں کی مستی عروج پر ہوتی ہے۔ لیکن ٹہریے آپ کے لیے ان سے ملاقات پھر بھی اتنی آسان نہیں ہو گی کیونکہ ان کے ساتھ ان کے باڈی گارڈز اپنی گاڑیوں میں ان کے حفاظت کے لیے موجود ہوتے ہیں۔
دہشت گردی پر ایک اور فلم
ہدایت کار کبیر خان کی فلم ’نیویارک‘ اور کرن جوہر کی فلم ’قربان‘ کے بعد اب فلمساز میرا نائر گیارہ ستمبر کے دہشت گرد حملے کے پس منظر میں فلم بنانے کی تیاری میں ہیں۔ پاکستانی نژاد برطانوی مصنف محسن حامد کی مقبول کتاب دا ریلکٹنٹ فنڈامینٹلسٹ‘ کی کہانی کو پردے پر اتارنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ خبروں پر اگر بھروسہ کریں تو اس فلم میں ناول کے ہیرو ’چنگیز‘ کے کردار کے لیے میرا اپنے پسندیدہ ہیرو عرفان خان کو سائن کرنے والی ہیں جبکہ ان کے پارٹنر چاہتے ہیں کہ اس فلم کے لیے کسی ہالی وڈ سٹار کو لیا جائے۔
بینظیر کی فلم پر روک

خبریں ہیں کہ پاکستانی لیڈر بینظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم پر بینظیر کے شوہر آصف علی زرداری نے روک لگا دی ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی شہری طارق علی اور بالی وڈ فلمساز مہیش بھٹ مشترکہ طور پر اس پروجیکٹ کا حصہ تھے اور بالی وڈ ہیروئین شبانہ اعظمی بینظیر کا کردار نبھا رہی تھیں۔ یہ فلم جس کا دونوں ممالک کے لوگوں کو بے صبری کے ساتھ انتظار تھا پتہ نہیں ہند پاک تعلقات کے درمیان پیدا تلخی کی وجہ سے التواء میں ہے یا پھر واقعی زرداری صاحب اس فلم کو اپنی نگرانی میں بنوانا چاہتے ہیں کہ کیونکہ یہ ان کی اپنی زندگی کا ایک حصہ ہے۔
قطرینہ بستر پر
کیٹ بے بی کو جب لوگوں نے شہر کے ایک ’فائیو سٹار ہسپتال‘ میں جاتے دیکھا تو لوگوں میں کھلبلی مچ گئی۔ پانچ گھنٹوں بعد جب وہ ہسپتال سے سارے ٹیسٹ کروا کر باہر نکلیں تو پتہ چلا کہ کیٹ کا ہیموگلوبین بہت ہی کم ہو گیا تھا اور انہیں یرقان ہوا ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کی سخت ہدایت دی ہے۔ ہم سب کیٹ کی صحت کے لیے دعاگو ہیں۔
شاہ رخ کا پیغام

چھبیس نومبر حملے کے ایک سال ہو جانے پر بالی وڈ کنگ نے ایک پیغام شہر کی دیوار پر لکھا ہے ’لو، لائٹ اینڈ پرئیرز ٹو آل‘۔ ممبئی میں چھبیس گیارہ کی برسی کے موقع پر لوگوں نے اس حملے میں ہلاک ہوئے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا۔ مرین لائنز پر ڈیڑھ کلومیٹر دیوار پر کسی نے اپنے خیالات لکھے تو کسی نے پینٹنگ بنائی۔ اس موقع پر شاہ رخ بھی پہنچے اور انہوں نے اپنا پیغام لکھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سیف کی فنکارانہ نظریں
کون کہتا ہے کہ سیف صرف دل پھینک عاشق ہیں؟ انہوں نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ مانا وہ سلمان کی طرح مصوری نہیں کر سکتے لیکن ان میں فن کو پرکھنے کی ’سمجھ‘ ہے۔ سیف حیدرآباد میں اپنی فلم ’قربان‘ کی تشھیر کے لیے گئے تھے وہاں انہوں نے ایک مصور کی لگی پینٹنگ دیکھی اور وہ انہیں اتنی پسند آئی کہ وہ ان کے گھر پہنچ گئے اور وہاں ان سے ملاقات کے ساتھ ہی ان کی بنائی دو پینٹنگز بھی خرید لیں۔ اب وہ کس گھر میں اسے لگائیں گے یہ سوال ضرور باقی ہے۔ اس گھر میں جسے انہوں نے کرینہ کے لیے خریدا ہے یا پھر اس گھر میں جس میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ رہتے ہیں؟
عامر فلم نہیں کریں گے
عامر کے پرستاروں کو مایوسی کا سامنا کرنا ہو گا کیونکہ عامر خان نے کہہ دیا ہے کہ آئندہ برس وہ کوئی فلم نہیں کریں گے۔ تو پھر وہ کیا کریں گے؟ کیا انہوں نے فلموں سے کنارہ کشی کر لی ہے۔ نہیں بھئی۔ دراصل ان کی ہوم پروڈکشن کی تین فلمیں بن رہی ہیں۔ پہلی تو خود ان کی بیوی کرن راؤ کی فلم ’دھوبی گھاٹ‘، پھر ’دہلی بیلے‘ اور تیسری فلم ہے ’دی فالنگ!‘ عامر ان تینوں فلموں پر اپنا پورا دھیان دینا چاہتے ہیں بس اس لیے وہ اداکاری نہیں کریں گے۔ عامر یہ تو زیادتی ہوئی نا۔





















