بھارت کی مشروط پیشکش

منموہن سنگھ
،تصویر کا کیپشنمنموہن سنگھ نے کوپن ہیگن اجلاس کے بارے میں پر امید ہیں

ہندوستان کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ ان کا ملک گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کو کم کرنے کے لیے تیار ہے لیکن اس کا بوجھ سب کو مل کر اٹھانا ہوگا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پورٹ آف سپین میں دولتِ مشترکہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ ’بھارت درجہ حرارت کم کرنے سے متعلق معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہے لیکن اس کا بوجھ سبھی کو مل کر اٹھانا ہوگا۔‘

جمعہ کو بھات نے کہا تھا ہے کہ چین کی طرف سے کاربن کا اخراج کم کرنے کے اعلان سے انڈیا پر بھی ایسا کرنےکیلیےدباؤ پڑےگا۔

منموہن سنگھ نے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں منعقد ہونے والے اجلاس کے بارے میں کہا کہ اس کے نتیجے کے بارے میں پہلے سے قیاس آرئیاں نہیں لگانی چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اجلاس کے دوران نظریات ميں اتفاق رائے لانے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوپن ہیگن کا نتیجہ برابری کا ہونا چاہیے جس میں مالی امور اور ٹیکنالوجی جیسے اہم موضوعات بھی شامل ہونے چاہیے۔