حامد کرزئی کی کامیابی کا اعلان

افغانستان کے انتخابی کمیشن نے آئندہ ہفتے ہونے والا صدارتی انتخاب کا دوسرا مرحلہ منسوخ کرتے ہوئے حامد کرزئی کے بطور صدر انتخاب کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ افغان صدر حامد کرزئی کے مخالف امیدوار ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ کے اعلان کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم حامد کرزئی کو جنہوں نے پہلے مرحلے میں اکثریتی ووٹ حاصل کیے تھے، افغانستان کا منتخب صدر قرار دیتے ہیں‘۔ترجمان کا.کہنا تھا کہ دوسرا مرحلہ منسوخ کرنے کا فیصلہ رقم بچانے اور ایسے دیگر نقصانات سے بچنے کے لیے کیا گیا جس کا سامنا افغانستان کو سیاسی اور معاشی طور پر ہو سکتا تھا۔
خیال رہے کہ حامد کرزئی صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں واحد امیدوار تھے کیونکہ ان کے حریف ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے انتخاب کے دوسرے مرحلے میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابی دھاندلی کو روکنے کے لیے کوئی انتظام نہیں کیاگیا اور موجودہ الیکشن کمشنر کی موجودگی میں انتخاب میں حصہ لینے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ان کے مطالبات نہیں مانے گئے۔ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے صدر حامد کرزئی کے لیے انتخابی دھاندلی کی وہ اب بھی اپنی جگہ پر موجود ہیں۔ان کا مطالبہ تھا کہ انتخابی کمیشن کے سربراہ کو برطرف کیا جائے۔ حامد کرزئی نے الیکشن کمشنر کو ان کے عہدے سے ہٹانے سے صاف انکار کر دیا تھا۔
انتخاب کی منسوخی کا فیصلہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کو مون افغانستان کے دورے پر کابل پہنچے ہیں۔ صدارتی انتخابات پر تنازعے کے بعد اکتوبر میں جب دوسرے مرحلے کے انتخابات کا اعلان ہوا تھا تو بان کی مون نے اس فیصلے کی حمایت کی تھی اور بان کی مون نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ افغانستان میں آزاد اور شفاف انتخابات کرانے کے لیے سبھی ضروری اقدامات کرے گا۔
خیال رہے کہ افغانستان میں صدارتی انتخاب کا پہلا مرحلہ اگست میں منعقد ہوا تھا تاہم اس الیکشن کے دوران بڑے پیمانے پر دھاندلی کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ انتخاب کے پہلے مرحلے میں ووٹوں کی ایک بڑی تعداد کی دوبارہ گنتی بھی کروائی گئی اور انتخابی شکایات کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں صدارتی انتخاب کا دوسرا راؤنڈ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

















