دہشت گردی کا الزام، بارہ گرفتار

روٹرڈیم جہاں ایک دکان اور چار گھروں کی تلاشی لی گئی ہے
،تصویر کا کیپشنروٹرڈیم جہاں ایک دکان اور چار گھروں کی تلاشی لی گئی ہے

ہالینڈ میں پولیس نے بارہ صومالی شہریوں کو دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار کر لیا ہے۔

انہیں جمعہ کو رات گئے روٹرڈیم سے حراست میں لیا گیا۔

ڈچ حکام نے خیال ظاہر کیا ہے کہ یہ افراد ملک میں دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ڈچ پراسیکیوٹرز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرفتار ہونے والے افراد کی عمریں انیس سال سے اڑتالیس سال کے درمیان ہیں۔

پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں روٹرڈیم میں ایک دکان اور چار گھروں کی تلاشی لی گئی ہے جبکہ تفتیش کے سلسلے میں ایک اور جنوبی قصبے میں ایک ہوٹل کے دو کمروں کو دیکھا گیا۔ تاہم ابھی تک کسی اسلحے یا گولہ بارود ملنے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والے چھ افراد روٹرڈیم کے رہنے والے تھے جبکہ پانچ افراد کا کوئی رہائشی پتہ معلوم نہیں ہو سکا۔ گرفتار ہونے والوں میں سے ایک شخص ڈنمارک کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق گرفتاریاں ڈچ انٹیلیجنس کی ایک خفیہ رپورٹ پر عمل میں آئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ کچھ صومالی باشندے مستقبل قریب میں ہالینڈ میں ایک دہشت گرد حملہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

ڈچ پراسیکیوٹرز آفس کے ایک ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ گرفتار شدگان کو تین روز کے اندر ایک جج کے سامنے پیش کیا جائے گا جو اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ انہیں حراست میں رکھا جائے یا رہا کر دیا جائے۔