پانچ سو سے زائد تارکین وطن ’برآمد‘

ہر سال پانچ لاکھ سے زائد تارکین وطن میکسیکو کے راستے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنہر سال پانچ لاکھ سے زائد تارکین وطن میکسیکو کے راستے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں

میکسیکو میں پولیس نے پانچ سو سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ دو ٹرکوں میں چھپ کر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاطینی امریکہ اور ایشیاء سے تعلق رکھنے والے یہ تارکین وطن ’غیر انسانی‘ حالات میں سفر کر رہے تھے۔

پولیس اہلکاروں کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کی سمگلنگ میں ملوث چار افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اب تک پکڑا جانے والا انسانی سمگلنگ کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

ان غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب امیگریشن کا عملہ ایک چیک پوسٹ پر ایکس رے آلات کی مدد سے دو ٹرکوں کو چیک کر رہا تھا۔

یہ غیر قانونی تارکین وطن ٹرکوں کے اندرونی خانوں میں لگائے گئے جال سے چمٹ کر سفر کر رہے تھے۔ اگرچہ ٹرک کے فرش میں ہوا کی آمدورفت کے لیے سوراخ کیے گئے تھے لیکن زیادہ تعداد کی وجہ سے ان کا دم گھٹ رہا تھا اور وہ پیاس سے نڈھال تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک مالکان ان غیر ملکی باشندوں کو امریکہ سمگل کرنے کے سات ہزار ڈالر چارج کرتے ہیں۔ گرفتار ہونے والے ان تارکین وطن میں زیادہ تعداد گوٹیمالا کے باشندوں ہے لیکن ان میں سے کچھ کا تعلق ایکواڈرو، ایلسلواڈور، چین، جاپان، نیبال اور انڈیا سے بتایا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں بتیس عورتیں اور چار بچے بھی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ہر سال پانچ لاکھ سے زائد تارکین وطن میکسیکو کے راستے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔