افغانستان: ہیلی کاپٹر تباہ ، دو ہلاک

اطلاعات کے مطابق جنوبی افغانستان کے صوبے ہلمند میں ایک ہیلی کاپٹر گرنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
افغانستان میں تعینات بین الاقوامی اتحادی افواج نیٹو کے ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر غیر فوجی تھا لیکن معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس میں کون لوگ سوار تھے اور اس حادثے کی وجوہات کیا ہیں۔
سوموار کے روز ایک دوسرے واقعے میں نیٹو کے مطابق شمالی افغانستان میں اس کے دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیٹو کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق دونوں فوجی جارحانہ کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج کو بہت زیادہ جانی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
امریکہ ، برطانیہ اور افغان افواج نے کچھ ہفتوں سے صوبہ ہلمند میں ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ کارروائی کا مقصد آئندہ ماہ صدارتی انتخابات سے قبل امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنا ہے ۔ کارروائی کے دوران فوج کی نقل و حرکت اور رسد کی سپلائی کے لیے ہیلی کاپٹروں پر انحصار کیا جا رہا ہے۔
کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق ہیلی کاپٹروں کے لیے حالات ساز گار نہیں ہیں اور خاص طور پر جب وہ لینڈ کرتے ہیں تو انہیں راکٹ اور بندوق سے فائرنگ کر کے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
سنگین کے ضلعی افسر نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو پہلے ہوا میں آگ لگی اور اس کے بعد زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے افغان صوبے زابل میں نیٹو کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں تین فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی




















