قذافی کی افواج کی شکست تک مہم جاری:نیٹو

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
نیٹو کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ لیبیا میں اتحادی مہم کرنل قذافی کی افواج کی شکست تک جاری رہے گی۔
برسلز میں نیٹو اتحاد کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری جنرل آندریس راسموسین کا کہنا تھا نیٹو کا کام ایک ایسا مستقبل تراشنا ہے جس میں کرنل قذافی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیبیا میں نیٹو کی کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کرنل قذافی کی حامی افواج کو مکمل شکست نہیں دے دی جاتی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جب یہ تنازعہ ختم ہوجائے گا تو نیٹو اتحاد لیبیا میں اپنے فوجی تعینات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
نیٹو کے وزرائے دفاع کا اجلاس لیبیا میں دو ماہ سے جاری فضائی کارروائی کے اثرات پر غور کرنے کے لیے منعقد ہوا تھا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ادھر لیبیا میں حکومتی افواج نے باغیوں کے گڑھ مصراتہ سے باہر پیشقدمی کی کوشش کرنے والے باغیوں پر حملے کیے ہیں جن میں چودہ باغی مارے گئے ہیں۔
مصراتہ میں موجود باغیوں نے بی بی سی کے ڈیوڈ لوئن کو بتایا ہے کہ انہوں نے مصراتہ کے مشرق میں خاصی پیشقدمی کی ہے۔
ہلاک ہونے والے باغیوں میں سے بارہ شہر کے مشرقی جبکہ دو مغربی حصے میں ہلاک ہوئے۔
بدھ کو مصراتہ شہر کے مشرقی حصے سے اس وقت دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جب باغیوں کی پیشقدمی روکنے کے لیے حکومتی افواج نے راکٹ داغے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی




















