بالی ووڈ ڈائری

قطرینہ کیف
،تصویر کا کیپشنقطرینہ کیف بکنی پہن پر گھوڑے پر بیٹھیں گی
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی

اب تک آپ نے کیٹ بے بی کو کبھی ساڑھی تو کبھی ماڈرن مغربی لباس میں دیکھا۔ لیکن اب تیار ہو جائیے انہیں بکنی میں دیکھنے کے لیے۔ جی ہاں فلم دوستانہ کے سیکوئیل میں کیٹ بے بی نے بکنی پہنی ہے لیکن انہیں پانی سے نکلتے نہیں بلکہ گھوڑ سواری کرتے دکھایا گیا ہے۔ ہے نا تعجب والی بات۔ ویسے کیٹ کو سلو کے نام نہاد کٹر حریف شاہ رخ خان کی پارٹی میں بھی دیکھا گیا وہ خود کو میڈیا کی نظروں سے بچا رہی تھیں۔ بے بی کہیں ایسا تو نہیں کہ آپ اور سلو کے درمیان واقعی دوریاں بڑھ رہی ہیں؟

خانوں کو ایوارڈ

ہندستان کے چار خان آج بھی بالی وڈ پر راج کر رہے ہیں۔ ان کے پرستاروں کی تعداد انڈیا ہی نہیں غیر ممالک میں بھی توقع سے بڑھ کر ہے۔ اس لیے ان کی فلمی خدمات کے پیش نظر اس مرتبہ دو خانوں کو یعنی عامر خان کو پدم بھوشن اور سیف علی خان کو پدم شری دیا گیا۔ شاہ رخ کو یہ اعزاز تو سن دو ہزار پانچ میں ہی دے دیا گیا تھا۔ اب بچے صرف ایک خان یعنی سلمان خان، اور ہمیں لگتا ہے کہ انہیں تو شاید ہی زندگی میں یہ ایوارڈ دینے کی حکومت ہمت کر سکے، کیوں ؟ آپ جانتے ہی ہیں کہ ان کے خلاف کالے ہرنوں کا شکار کرنے اور روڈ ایکسیڈینٹ کے دو کیس مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ سیف جیسے غیر متنازعہ اداکار کو ایوارڈ دیے جانے پر اور شاہ رخ کے پاکستانی کھلاڑیوں کی حمایت میں دیے گئے بیانات پر جب سخت گیر ہندو انتہا پسند تنظیم واویلا مچا سکتی ہے تو پھر آپ سمجھ سکتے ہیں کہ سلمان کو اس کے لیے منتخب کرنا حکومت کے لیے کتنا مشکل ہو گا؟

شاہ رخ نے تحفہ واپس لیا

ایک ریالٹی شو میں فاتح نوجوان نے جب شاہ رخ سے ان کی گھڑی بطور تحفہ مانگ لی تو خان نے اسے گھڑی اس وقت تو دے دی لیکن چپکے سے ساتھ ہی کہہ دیا کہ وہ اسے پروگرام ختم ہونے کے بعد واپس بھی کردیں کیونکہ یہ گھڑی انہوں نے ان کی فلم میں پہنی ہے اور ابھی فلم کا کام باقی ہے۔ دوسری بات یہ کہ یہ گھڑی ان کے لیے بہت لکی ہے۔ نوجوان ونیت سنگھ کچھ افسردہ ہو گئے اور انہوں نے گھڑی واپس کر دی۔ دوسرے روز جب خان نے انہیں فون کر کے اپنے بنگلہ منت پر بلایا اور اتنی ہی قیمتی نئی گھڑی اسے بطور تحفہ دی تو ونیت کو یقین نہیں آیا۔ اب آپ ونیت کی خوشی کا اندازہ کر سکتے ہیں۔

پریتی پہنچی سکول

پریتی زنٹا
،تصویر کا کیپشنایک کامیاب بزنس وومن؟

پریتی زنٹا پیار محبت کے سکول میں چاہے ناکام ہو گئی ہوں لیکن بزنس سکول میں وہ کامیاب ہو گئیں۔ بالی وڈ میں آج کل کم نظر آنے والی پریتی نے ہارورڈ یونیورسٹی کا بزنس مینجمنٹ کورس کیا ہے۔ تین ہفتوں کی کلاس کے بعد انہیں لگتا ہے کہ اب وہ ایک سمجھدار بزنس وومن بن چکی ہیں۔ پریتی اس سال اب کچھ فلمیں بھی سائن کرنا چاہتی ہیں۔ کوئی بات نہیں پریتی کم از کم فلمیں اور بزنس دونوں شعبوں میں کام کرنے سے آپ خود کو مصروف تو رکھ سکیں اور دل ٹوٹنے کا درد بھی کم محسوس ہو گا۔

دیپکا کی ماں شرمیلا

خوبصورت شرمیلا ٹیگور اب دیپکا پادوکون کی ماں بنیں گی۔ فلم ’بریک کے بعد‘ میں شرمیلا اور دیپکا ماں بیٹی بنیں گی۔ شرمیلا نے اس پر اعتراض بھی کیا کیونکہ دیپکا کا قد ان کے مقابلے یں کافی اونچا ہے لیکن فلمساز دانش خان نے جو بچپن سے شرمیلا کے پرستار ہیں، کہا کہ دیپکا شرمیلا کی بیٹی لگتی ہیں کیونکہ دونوں کے گالوں پر ڈمپل پڑتے ہیں اور ہنستے ہوئے دونوں ایک جیسی نظر آتی ہیں۔

خان کے بچپن کے لیے دو لاکھ روپے

فلم مائی نیم از خان میں شاہ رخ خان کے بچپن کا کردار کرنے والے چائلڈ آرٹسٹ، ارجان کو امریکی لب و لہجہ سکھانے کے لیے فلمساز کرن جوہر نے دو لاکھ روپے خرچ کر دیے۔ دہشت گردی کے پس منظر پر بنی اس فلم میں شاہ رخ خان کو امریکی مسلمان دکھایا گیا۔

رانی ماں نہیں بنیں گی

آپ جلدی نتیجے پر مت پہنچئے۔ ابھی رانی کی شادی نہیں ہوئی ہے۔ ہم بات کر رہے ہیں میرا نائر کی فلم ’مڈ نائٹس چلڈرن‘ جس میں رانی نے کام کرنا منظور کر لیا تھا لیکن اب سنا جا رہا ہے کہ انہوں نے اس رول سے انکار کر دیا۔ وجہ؟ وہ چودہ سالہ لڑکے کی ماں بننا نہیں چاہتی ہیں کیونکہ ابھی ان کی عمر محض تیس سال ہے۔ ویسے بے بی کردار اگر اچھا ہو تو رول کرنے میں قباحت نہیں ہونی چاہئے۔ اب ویسے بھی آپ کو آج کل کون سا ایسا رول مل رہا ہےجو ہٹ فلم دے سکے۔ سوچیے سوچیے اور پھر فیصلہ کیجئے۔

بٹلر کا عشق

پرینکا چوپڑا
،تصویر کا کیپشنپرینکا چوپڑہ فلم ’انجانا انجانی‘ کی شوٹنگ کے لیے نیو یارک میں تھیں

آپ کو پرینکا چوپڑہ کی وہ پارٹی یاد ہے جب ہالی وڈ اداکار گیرارڈ بٹلر نے اپنے گھٹنوں پر بیٹھ کر ان سے محبت کا اظہار کیا تھا۔ جی ہاں اس وقت پرینکا اور شاہد کے عشق کی خبریں بالی وڈ میں گشت کر رہی تھیں۔ لیکن اب سنا ہے کہ دونوں کے درمیان دوریاں بڑھ گئی ہیں۔ اتنی لمبی تمہید ہم نے اس لیے باندھی کیونکہ نیویارک میں فلم ’انجانا انجانی‘ کی شوٹنگ کے دوران گیرارڈ بٹلر پہنچ گئے اور پورا دن انہوں نے پرینکا کے ساتھ بتایا۔ اب اسے ہم کیا سمجھیں بے بی۔

تبو اور نندیتا کی جوڑی

تبو اور نندیتا داس جیسی دو باصلاحیت اداکارائیں ایک ساتھ پردے پر نظر آئیں تو یقیناً ایک کامیاب فلم بنے گی۔ جی ہاں نندیتاداس نے چترا بنرجی کی کتاب ’وائن آف ڈسائر‘ پر بننے والی فلم کی ہدایت دینا منظور کر لیا ہے اور اس فلم میں ہمیشہ منفرد اور چیلنجنگ رول کرنے والی اداکارہ تبو نظر آئیں گی۔ ویسے دونوں کو ایک ساتھ آپ نے میرا نائر کی فلم ’نیم سیک‘ میں دیکھا تھا۔ ایک اور بات بتا دیں کہ اس فلم میں تبو کے ساتھ ودیا بالن بھی ہوں گی جنہیں آج کل فلم ’عشقیہ‘ میں ان کی بولڈ اداکاری کے لیے کافی سراہا جا رہا ہے۔

پارٹی ’شارٹی‘

بالی وڈ میں پارٹی کرنے کا بہانہ ملنا چاہئے۔ بس پھر کیا ہے رات ہماری۔ کرشمہ کپور نے اپنے ہونے والی بہنوئی سیف علی خان کو پدم شری ایوارڈ دیے جانے کے اعلان کی خوشی میں پارٹی دے دی۔ اب یہ تو لازمی ہے کہ اس پارٹی میں کرشمہ کے ساتھ ان کی بہن کرینہ کپور ان کی والدہ ببیتا اور والد رندھیر کپور ہوں لیکن نہیں جی رندھیر کپور موجود نہیں تھے۔ رنبیر کپور نے پارٹی رکھی اس میں دیپکا کو مدعو نہیں کیا۔ شاہ رخ نے اپنے بنگلہ میں بنائے منی تھیئٹر میں فلم دیکھنے کے لیے اپنے قریبی دوستوں کو بلایا۔ جی ہاں اور یہ سب ایک ہی رات کی پارٹیوں کا ذکر ہے۔